پنجاب کے ٹکسالی کانگریسی داغی چہروں کو ٹکٹ ملنے سے پریشان

,

   

کانگریس کے موجودہ حالات سے بہت دکھی ہوں، دلچسپی کم ہونا فطری بات: شمشیر سنگھ

چندی گڑھ۔ پنجاب میں بڑا دلت چہرہ اور کانگریس کے صدر سے لیکر وزیر رہے شمشمیر سنگھ دولو نے کانگریس امیدواروں کی جاری کی گئی فہرست پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بہتر ہوتا کہ ہماری کانگریس قیادت مافیا سے منسلک کچھ چہروں کو چھوڑ کر صاف ستھرے چہروں کو انتخابی میدان میں اتارتی۔ دولو نے آج یہاں یو این آئی سے کہاکہ ہم نے پوری زندگی کانگریس کو وقف کی ہے اور پارٹی نے ہمیں بہت کچھ دیا۔ اس لئے پارٹی میں موجودہ حالات میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے وہ دکھی ہیں۔ انہوں نے کانگریس میں مافیاسے منسلک لوگوں کے آنے پر اعتراض ظاہر کیا اور 2017کے انتخابات سے پہلے سے وہ اپنی ناراضگی اعلی کمان سے ظاہر کرتے رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ پنجاب کی سیاست میں کانگریس اچھے لوگوں کو آگے لائے ۔ دولو نے کہاکہ سابق وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے اعلی کمان کو مافیا سے منسلک لوگو ں کی ایک فہرست دی تھی جس پر کانگریس کی قیادت نے کوئی غور نہیں کیا اور اسمگلنگ، شراب، ریت مافیا سے منسلک لوگوں کو ٹکٹ دے دیا۔ اس سے کانگریس کی شبیہ پر اثر پڑے گا کیونکہ لوگ چاہتے ہیں کہ صاف ستھری شبیہ والے انتخابات میں اتریں۔ لوگ ہر پارٹی سے امید چھوڑ چکے ہیں کیونکہ پنجاب میں نشہ، مافیا، اسمگلنگ اور دیگر جرائم سے آزادی کے معاملہ پر تمام جماعتیں انتخابات میں اترتی ہیں لیکن پھر وہیں ان کے دھندے شروع ہوجاتے ہیں اور ہر طرح کامافیاپنجاب کی جڑوں کو دیمک کی طرح چاٹ جاتا ہے جس کا خمیازہ عوام کو سالوں سال بھگتنا پڑتاہے ۔ انہوں نے دلت وزیراعلی چرنجیت سنگھ چنی سے بھی مانگ کی تھی کہ اسکالر شپ گھپلہ کے قصورواروں کا پردہ فاش کیا جائے کیونکہ کتنے طلبا کا مستقبل اس گھپلہ میں تباہ ہوگیا لیکن اس سے جڑے لوگوں کو ٹکٹ دے دیا گیا۔ ان ہی باتوں کی وجہ سے لوگوں کی کانگریس میں دلچسپی ختم ہونا فطری ہے ۔ اب تک کانگریس کی 86امیدواروں کی فہرست جاری ہوچکی ہے اور اگلی فہرست میں مافیا سے منسلک یا داغی لوگوں کو ٹکٹ دینے سے گریز کیا جائے ۔