پوسٹ میٹرک اسکالر شپ درخواستوں کیلئے 31 جنوری تک توسیع

   

حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کی نئی درخواستوں اور رینول کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں 31 جنوری تک توسیع کردی ہے۔ سکریٹری محکمہ ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا نے بتایا کہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی ، اقلیت ، معاشی طور پر پسماندہ اور معذور طلبہ اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم پر عمل آوری میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن ویب سائٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ کالجس اور طلبہ کو تعلیمی سال 2021-22 کی پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے ویب سائٹ پر رجسٹرڈ کروانا ہوگا۔ سابق میں 24 اکٹوبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن کئی پیشہ ورانہ ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کورسیس کی عدم تکمیل کے سبب طلبہ کو اسکالر شپ کے حصول کی سہولت فراہم کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ رینول کیلئے 797656 امیدواروں میں سے صرف 31369 نے اپنے نام رجسٹرڈ کرائے ہیں۔ اسی طرح ای پاس ویب سائیٹ پر 5 لاکھ 50 ہزار طلبہ کے رجسٹریشن کا امکان ہے لیکن صرف 1959 امیدواروں نے فریش درخواستیں داخل کی ہیں۔ حکومت نے 24 اکٹوبر سے تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 31 جنوری مقرر کی ہے۔ ویب سائیٹ
telanganaepass.cgg.gov.in
پر کالجس اور طلبہ رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ر