پوسٹ گریجویٹ کالج کی تعمیر میں تاخیر پر ہریش رائو کی برہمی

,

   

احاطہ اسمبلی میں جائزہ اجلاس، مزید کالجس کے قیام کا تیقن
حیدرآباد۔ 11 مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سدی پیٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کی عمارت کے تعمیری کام جنگی خطوط پر مکمل کئے جائیں۔ اسمبلی کے کمیٹی ہال میں عثمانیہ یونیورسٹی کے رجسٹرار اور انجینئرنگ اسٹاف کے ساتھ ہریش رائو نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی گوپال ریڈی نے تیقن دیا کہ تعمیری کام کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔ 5 کروڑ روپئے کے خرچ سے پوسٹ گریجویٹ کالج فار گرلز کی عمارت کے تعمیری کاموں کا 2014ء میں آغاز ہوا تھا۔ وزیر فینانس نے چھ برسوں میں کام کی عدم تکمیل پر برہمی کا اظہار کیا اور تاخیر کی وجوہات معلوم کیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں کنٹراکٹر کے ساتھ بہتر تال میل رکھا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گرلز ہاسٹل کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بوائز ہاسٹل کے تعمیری کام جاری ہیں۔ ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کا کام قریب الختم ہے۔ لیاب کی تعمیر، فرنیچر، برقی سہولتیں اور دیگر بنیادی کاموں کی انجام دہی کے لیے کنٹراکٹر کو ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس میں نرساپور کے رکن اسمبلی مدن ریڈی، رکن اسمبلی اندول، کرانتی کرن نے پوسٹ گریجویٹ کالجس کی صورتحال سے وزیر فینانس کو واقف کرایا۔ وزیر فینانس نے کام کی تکمیل تک پی جی کالج کو کسی موزوں عمارت میں منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ جوگی پیٹ میں پوسٹ گریجویٹ کالج کی تعمیر کے لیے 4.5 ایکر اراضی الاٹ کرنے رکن اسمبلی کرانتی کرن نے وزیر فینانس سے اپیل کی۔ انہوں نے درکار فنڈس کی اجرائی کی درخواست کی۔ ہریش رائو نے ارکان اسمبلی کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کریں گے۔