پولیس مقدمے کے خلاف انسانی حقوق کمیشن سے رجوع: ہنمنت رائو

   

کے ٹی آر پر لاک ڈائون کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کی صورت میں ان کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا اس سلسلہ میں انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہوں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ ٹینک بنڈ پر واقع ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے کو تنہا پہنچ کر انہوں نے پھول نچھاور کئے تھے۔ لیکن ان پر لاک ڈائون کی خلاف ورزی کے الزام میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اضلاع میں کئی وزراء نے سڑک پر موجود ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر پھول نچھاور کیئے۔ ریاستی وزراء کے ساتھ ٹی آر ایس کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی لیکن کسی بھی ضلع میں وزراء کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ حیدرآباد میں تنہا پہنچنے کے باوجود میرے خلاف مقدمہ درج کرنا افسوسناک بلکہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کے معاملے میں ریاستی وزیر کے ٹی آر کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ کے ٹی آر نے آج 15 افراد کے ساتھ شہر کے ریڈزون علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر کے ٹی آر کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ عدالت نے اس سلسلہ میں حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔