پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے درخواستوں کا عمل شروع

   

امیدواروں کو منفرد شناختی نمبر ، فارم A اور فارم B کے تحت مکمل ریکارڈ محفوظ رہے گا
حیدرآباد ۔ 19۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے محکمہ پولیس اور متعلقہ محکموں میں مخلوعہ 7437 جائیدادوں پر تقررات کے لیے 19 اگست سے آن لائن میں درخواستیں قبول کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 ستمبر مقرر کی گئی ہے ۔ امیدوار سرکاری ویب tgprb.in پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے مسابقتی امتحانات اور پولیس تقررات کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور تنازعات سے پاک بنانے کے لیے ایک جدید تکنیکی تجربہ شروع کیا ہے ۔ ہوم ڈپارٹمنٹ اور دیگر ( Uniform services ) میں جائیدادوں پر تقررات کے دوران اب ہر امیدوار کو ایک منفرد شناختی نمبر ( Unique ID Number ) تفویض کیا جارہا ہے ۔ اس آئی ڈی میں امیدوار کی ابتدائی درخواست سے لے کر حتمی تقرری یا کونسلنگ تک کی تمام تفصیلات ڈیجیٹل طور پر محفوظ رہے گی ۔ دیگر عام مسابقتی امتحانات کے مقابلے میں پولیس اور دفاعی شعبوں میں تقررات کا عمل پیچیدہ اور چیلیجنگ ہوتا ہے ۔ اس میں تحریری امتحانات کے علاوہ جسمانی صلاحیت و پیمائش کے ٹسٹ شامل ہوتے ہیں ۔ کٹ آف مارکس ، تحفظات وغیرہ قواعد کے مطابق درست تقسیم ایک حساس مرحلہ ہے ۔ جس پر اکثر امیدواروں کو شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں ۔ اس قسم کے تمام قانونی و انتظامی تنازعات سے بچنے کے لیے بورڈ نے فارم A اور فارم B پر مشتمل ایک جامع پروفارما تیار کیا ہے ۔ پولیس تقررات کے مختلف مراحل کے دوران امیدوار کے ہر عمل کا ڈیٹا اس منفرد آئی ڈی میں شامل کیا جائے گا ۔ درخواست کے وقت امیدوار کی فراہم کردہ بنیادی تفصیلات کو معیاری ریکارڈ مانا جائے گا ۔ ابتدائی امتحان میں کامیابی کے بعد بھرے جانے والے فارم 2 کے ڈیٹا کے ساتھ جسمانی پیمائش (PMT) اور جسمانی کارکردگی (PET) کے نتائج خود بخود آئی ڈی میں درج ہوجائیں گے ۔ قطعی تحریری امتحان کے مارکس اور پولیس اسپیشل برانچ کی جانب سے امیدوار کے کردار کی تصدیقی رپورٹ بھی اس ریکارڈ کا حصہ بنے گی ۔ TSLAPRB کے عہدیداروں کے مطابق تقرری عمل کے دوران یا بعد میں اگر کوئی امیدوار نتائج ، تحفظات یا مارکس پر اعتراض کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے تو یہ منفرد شناختی ڈیٹا مستند ثبوت کے طور پر پیش کیا جاسکے گا جو تقررات کے عمل میں شفافیت کی ضمانت فراہم کرے گا ۔۔ 2/m/b