نئی دہلی: نیوز ویب سائٹ ’دی وائر‘ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے دہلی اور ممبئی میں ویب سائٹ کے ایڈیٹرز کی رہائش گاہوں اور دفاتر کی تلاشی لی اور تمام الیکٹرانک آلات ضبط کر لیے لیکن پولیس نے ان آلات کی ’ہیش ویلیو‘ فراہم نہیں کی ہے۔ اس دوران نیوز انڈیا فاؤنڈیشن ’ڈیجی پب‘ اور ’این ڈبلیو ایم آئی‘ نے اس سلسلے میں جاری کردہ اپنے بیان میں اس طرح کے چھاپوں کے خطرات کی نشاندہی کی ہے۔خیال رہے کہ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے کل (بروز پیر) دی وائر کے بانی ایڈیٹرز سدھارتھ وردراجن، ایم کے وینو، سدھارتھ بھاٹیہ، ڈپٹی ایڈیٹر جہانوی سین اور بزنس ہیڈ متھن کیدامبی کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی تھی۔