پولیس پٹرولنگ گاڑی کی زد میں آکر 6 سالہ لڑکا ہلاک

   

منگل ہاٹ میں دلخراش حادثہ، ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد : منگل ہاٹ کے علاقہ سیتارام باغ چوراہے پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں پولیس کی ویان کی ٹکر سے 6 سالہ کمسن ہلاک ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی اور پولیس نے اس سلسلہ میں پولیس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ہرش وردھن ساکن سیتارام باغ وہاں سے گزررہا تھا کہ پولیس پٹرولنگ گاڑی کے عملہ نے گاڑی کے ٹائروں میں ہوا بھرانے کے بعد وہاں سے تیز رفتاری سے گاڑی لے جانے کی کوشش کی جس کے دوران ہرش وردھن اس گاڑی کی زد میں آگیا اور برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ اس حادثہ میں کمسن کا سر پچک گیا ۔ کمسن کے باپ سرینواس اور دیگر نے اپنے دیگر رشتہ داروں کو وہاں اکٹھا کرلیا اور اس بات کی اطلاع ملنے پر بی جے پی کے گوشہ محل کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ بھی وہاں پہونچ گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس گوشہ محل مسٹر نریندر ریڈی بھی وہاں پہونچ کر جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور بتایا کہ پولیس پٹرولنگ گاڑی کے ڈرائیور بھگوان ریڈی کیخلاف لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا ایک مقدمہ درج کیا جارہا ہے ۔ کمسن کی نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔