پونچھ میں ایل او سی پر پھر گولہ باری

   

سری نگر، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں حد متارکہ پر ہندوستان اور پاکستان کے افواج نے لگاتار 7 ویں دن بھی باہم اپنے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی۔ گلپور علاقے میں یہ واقعہ صبح سوا آٹھ بجے پیش آیا۔فی الوقت کسی بھی طرف سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ گذشتہ ہفتے شروع ہوا جو تاحال وقفہ وقفہ سے جاری ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ سال رفتہ کے دوران سرحد پر بھارت اور پاکستان کے افواج کے درمیان کشیدگی نقطہ عروج پر رہی۔
ذرائع کے مطابق سال 2018 کے دوران طرفین کے افواج کے درمیان2836 دفعہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ہوئیں جس کے نتیجے میں 61 ٖافراد ازجان جبکہ زائد از 250 افراد زخمی ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ سال رفتہ کے دوران گذشتہ 15 برسوں کی جنگ بندیوں کا ریکارڑ ٹوٹ گیا۔