نظام آباد۔7 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی پی آئی (ایم ایل) ماس لائن نظام آباد اربن ضلع کمیٹی کی جانب سے کوٹہ گلی کے شرامک بھون میں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت سے پٹرول، ڈیزل، گیس اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر فوری قابو پانے کا مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر سی پی آئی (ایم ایل) ماس لائن کے ضلع سکریٹری ونمالا کرشنا نے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت مسلسل پٹرول، ڈیزل، گھریلو گیس اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے، جس کے باعث عام عوام اور چھوٹے تاجروں پر شدید معاشی بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ونمالا کرشنا نے کہا کہ گھریلو گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے متوسط اور غریب طبقات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول، ڈیزل، گیس اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں نے عوام کی معاشی حالت کو متاثر کیا ہے اور حکومت کو عوام مخالف اقدامات ترک کرنے چاہئیں، بصورت دیگر عوام مناسب جواب دیں گے۔پریس کانفرنس میں پارٹی کے ریاستی قائد ایم نریندر، ضلع قائدین ایم وینکنا، ڈی۔ راجیشور، کے۔ گنگادھر، بی ملیش، ایم سدھاکر، سائی ریڈی، کرن اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔