پٹنہ میں انڈیا اتحاد جماعتوں کا گیانیش کمار کیخلاف لوک بھون تک مارچ

,

   

بہار میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ‘ تیجسوی یادو، میسا بھارتی اور مکیش سہنی کو پولیس نے حراست میں لیا

پٹنہ ۔8؍اکتوبر ( ایجنسیز )اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹایا جائے، ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیا جائے اور بہار میں دوبارہ انتخاب کرایا جائے۔بہار کی راجدھانی پٹنہ میں جمعرات 8 اکتوبر کو اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ’انڈیا بلاک‘ نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاجی مارچ نکالا۔ میڈیاکے مطابق بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد تیجسوی یادو کی قیادت میں لیڈران لوک بھون کی جانب بڑھ رہے تھے، اسی دوران پولیس نے تیجسوی یادو، وی آئی پی سربراہ مکیش سہنی اور آر جے ڈی کی رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی سمیت کئی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹایا جائے، ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیا جائے اور بہار میں دوبارہ انتخاب کرایا جائے۔ تیجسوی یادو کو حراست میں لیے جانے کے بعد سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہو گئی ہیں۔ تیجسوی یادو نے الزام عائد کیا کہ گیانیش کمار، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ووٹ چوری کے ذریعے ملک کی جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔ تیجسوی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کر کے گیانیش کمار نے بی جے پی کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموار کی۔تیجسوی یادو نے یہ بھی کہا تھا کہ جب ان معاملات کی حقیقت سامنے آئی تو اپوزیشن پارٹیاں جمہوریت کو بچانے کے لیے متحد ہو گئیں۔ انہوں نے منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں، جسے ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ کہا جاتا ہے۔ اس سے قبل 7 اکتوبر کو بھی بہار میں انڈیا بلاک نے ’گیانیش ہٹاؤ، جمہوریت بچاؤ‘ مہم کے تحت احتجاجی مارچ اور مظاہرہ کیا تھا۔ ریاست کے تمام 534 بلاکس میں احتجاج اور پتلے نذر آتش کرنے کا پروگرام رکھا گیا تھا۔ اس کے بعد جمعرات کو ضلعی ہیڈکوارٹروں پر احتجاج اور پٹنہ میں تیجسوی یادو کی قیادت میں لوک بھون مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔اپوزیشن کی یہ تحریک 2 مطالبات پر مرکوز ہے۔ پہلا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانا۔ دوسرا بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر اٹھ رہے سوالات۔ اپوزیشن پارٹیاں الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار پر سوال اٹھا رہی ہیں اور بہار میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ بھی کر رہی ہیں۔