وزیر اکسائیز سرینواس گوڑ کی عہدیداروں کو ہدایت، سخت مقدمات درج کئے جائیں
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر اکسائیز سرینواس گوڑ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دیگر ریاستوں سے غیر قانونی کی منتقلی روکنے سخت اقدامات کئے جائیں۔ وزیر ایکسائیز نے کھمم ضلع کے دورہ کے موقع پر اکسائیز عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں سے شراب کی غیر قانونی منتقلی کو روکتے ہوئے تلنگانہ میں شراب کی غیر قانونی فروخت کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ عرصہ میں مختلف ریاستوں سے تلنگانہ بیوریجس کارپوریشن کی نقلی تیار شراب کو ضبط کیا گیا ۔ غیر قانونی شراب کے بیوپاری بیوریجس کارپوریشن کا نقلی لیبل لگاکر تلنگانہ میں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سرحدی علاقوں میں چوکسی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اکسائیز اور پولیس حکام کو بہتر تال میل سے چیک پوسٹس قائم کرنے چاہیئے جہاں دیگر ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جائے۔ وزیر اکسائیز نے عہدیداروں سے کہا کہ شراب کے علاوہ گانجہ کی غیر قانونی منتقلی کی اطلاعات ملی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کو ڈرگس اور گانجہ سے نجات دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگس اور گانجہ کی غیرقانونی منتقلی میں جو بھی ملوث پائے جائیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے چاہے وہ بااثر لوگ ہی کیوں نہ ہوں۔ جو کوئی ملوث پایا جائے اس کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت گانجہ اور ڈرگس کے بارے میں سخت گیر اقدامات کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور چیف منسٹر کی سطح پر ضلع کلکٹرس، کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جاچکا ہے۔ر