’’پیرازائٹ‘‘ کو آسکر ایوارڈ دیئے جانے پر ٹرمپ حیرت زدہ

   

کولوراڈو اسپرنگس ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کی فلم ’’پیرازائٹ‘‘ کو بہترین فل کا آسکر ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار نہیں کیا بلکہ یہ کہا کہ ایک بیرونی ملک کی فلم کو بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ کیونکر دیا جاسکتا ہے۔ کولوراڈو اسپرنگس میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ جاریہ سال کے اکیڈیمی ایوارڈس کا تجربہ تلخ رہا۔ انہوں نے وہاں موجود جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے حیرت زدہ انداز میں کہاکہ جنوبی کوریا نے امریکہ کو بہت زیادہ پریشان کیا ہے خصوصی طور پر تجارت کے شعبہ میں لیکن اس کے باوجود اسی ملک کی فلم کو بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یاد رہیکہ ’’پیرازائٹ‘‘ نے پہلی بار غیرانگریزی فلم ہونے کے باوجود ہالی ووڈ کا اعلیٰ ترین ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوںنے فلم نہیں دیکھی ہے پھر بھی وہ یہ نہیں جانتے کہ ایوارڈ آخر جنوبی کوریا کی فلم کو کیوں دیا گیا۔ ٹرمپ نے اس موقع پر بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے ہالی ووڈ اداکار براڈپٹ کو بھی تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔