پیگاسیس راہول گاندھی کے فون میں نہیں بلکہ دماغ میں ہے۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش چوہان

,

   

انہوں نے کہاکہ اپنے ملک کو بیرونی سرزمین پر تنقید کا نشانہ بنانا ایک مخالف قومی قدم ہے۔
بھوپال۔ اسرائیل کے پیگاسیس جاسوسی اسپائے ویر کے ذریعہ ان کی نگرانی کرنے کا دعوی کرنے والے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مدھیہ پردیش چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے کہاکہ پیگاسیس فون میں نہیں بلکہ راہول گاندھی کے دماغ میں ہے۔


میڈیاسے یہاں پر بات کرتے ہوئے چیف منسٹرچوہان نے کہاکہ ”پیگاسیس فون میں نہیں راہول گاندھی کے دماغ میں ہے۔ کانگریس کے ڈی این اے میں پیگاسیس داخل ہوگیاہے۔مجھے ان(راہول گاندھی) کی ذہنیت پر ترس آتا ہے۔

غیرملکی سفارت خانوں کوجاکر وہ مخالف ہندبات کرتے ہیں۔ بیرونی ممالک میں ہندوستان کوبدنام کرنے کے لئے کانگریس کا یہ نیا ایجنڈہ ہے“۔انہوں نے مزیدکہاکہ ”بیرونی سرزمین میں ملک پر تنقید کرنا مخالف قوم قدم ہے‘ اس کے لئے ملک اور لوگ راہول گاندھی کامعاف نہیں کریں گے“۔

حال ہی میں راہول گاندھی نے کیمبرج یونیورسٹی میں ایک لکچرکے دوران دعوی کیاتھا کہ ان کے فون کی پیگاسیس کے ذریعہ جاسوسی کی جارہی ہے جو کہ ایک اسرائیلی جاسوسی سافٹ ویئر ہے اور انہیں انٹلیجنس افسران نے فون کالس پر بات کرنے کے متعلق ”چوکنا“ رہنے کاانتباہ دیاہے۔

چیف منسٹر چوہان نے سابق چیف منسٹر کمال ناتھ کی جانب سے مکھیا منتری لاڈلی بہن یوجنا پر سوالات اٹھانے کا بھی تنقید کا نشانہ بنایاہے۔