پی وی سندھو کو اولمپکس میں برانز میڈل

,

   

چینی کھلاڑی بنگ جیاو کے خلاف شاندار کامیابی ۔ وزیر اعظم مودی کی مبارکباد

ٹوکیو۔ یکم اگسٹ: ہندوستانی بیڈمینٹن اسٹار پی وی سندھو نے آج عالمی نمبر 9 چین کی ہی بنگ جیاو کو وومنس سنگلز میں شکست دیتے ہوئے برانز میڈل حاصل کیا ۔ پی وی سندھو نے اس کامیابی کے ساتھ تاریخ رقم کی اور وہ دو اولمپک میڈلس جیتنے والی اب تک کی دوسری ہندوستانی بن گئی ہیں۔ انہوں نے تیسرے مقام کیلئے ہوئے مقابلہ میں یہ کامیابی حاصل کی ۔ پی وی سندھو نے عالمی سطح کے بڑے مقابلوں جیسے دولت مشترکہ گیمس ‘ ایشین گیمس اور بیڈمینٹن ورلڈ ٹور مقابلوں وغیرہ میں گذشتہ پانچ سال میں ہر موقع پر میڈل جیتے ہیں۔ انہوں نے بنگ جیاو کو 21-13, 21-15 سے شکست دیتے ہوئے برانز میڈل حاصل کیا ۔ انہوں نے 2016 کے ریو گیمس میں بھی برانز میڈل جیتا تھا ۔ سندھو سے قبل یہ کارنامہ اب تک صرف ریسلر سشیل کمار نے انجام دیا تھا ۔ انہوں نے 2008 بیجنگ اولمپکس میں برانز اور پھر لندن اولمپکس میں سلور میڈل جیتا تھا ۔ سندھو نے آج کے مقابلہ میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے بنگ جیاو کے خلاف جارحانہ تیور اختیار کئے تھے اور تیسرا مقام حاصل کیا ۔ ہندوستان کو اب تک اولمپکس میں تین میڈلس مل چکے ہیں۔ 49 کیلوگرام کے زمرہ میں ویٹ لفٹر میرا بائی چانو نے سلور میڈل جیتا تھا جبکہ باکسر لولینا بورگوہین کو کم از کم برانز میڈل ملنا طئے ہے ۔ سندھو نے کہا کہ اس کامیابی پر وہ بہت مسرور ہیں کیونکہ اس کیلئے انہوں نے بہت محنت کی تھی ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بیڈمینٹن اسٹار پی وی سندھو کی ستائش کی ہے جنہیں برانز میڈل حاصل ہوا ہے ۔ وزیر اعظم نے ٹوئیٹ کیا کہ سارا ملک سندھو کی کارکردگی پر مسرور ہے ۔ وہ برانز میڈل جیتنے پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔