پی ڈی پی نے بی جے پی کو بوتل میں بند کر رکھا تھا:محبوبہ مفتی

   

سرینگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ پی ڈی پی کے اتحاد کو ختم ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ میں نے ان کے جماعت اسلامی پر کریک ڈاؤن کرنے اور مہلوک جنگجوؤں کی نعشوں کو لواحقین کے حوالے نہ کرنے کے فرمانوں کو ماننے سے انکار کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے بی جے پی کو ایک بوتل میں بند کر رکھا تھا تاکہ دفعہ 370 کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ کی جاسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈٰی پی نے ملک کے بڑے رکن پارلیمان کو حریت کے دروزے پر لایا لیکن بدقسمتی سے انہیں دروازے نہیں کھولے گئے جس سے ایک منفی پیغام ملک میں پھیل گیا۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر پارٹی کارکنوں اور پارٹی کے ڈی ڈی سی کامیاب امیدواروں سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔