چاند نظر نہیں آیا‘ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

,

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ شوال المکرم 1441 ھ زیر نگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام منعقد ہوا ۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا ۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف ، ورنگل ، کھمم ، ادھونی ، رحمت آباد شریف ، ہبلی ، کرنول ، وجئے واڑہ ، خانقاہ مجیبیہ پٹنہ ، لکھنو ، دہلی ، الہ آباد ، ممبئی ، ناندیڑ اور بنگلور سے چاند نظر نہ آنے کی اطلاعات ملیں ۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ 24 مئی 2020 ئاتوار 30 رمضان المبارک 1441 ھ ہوگی ۔ اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ، حضرت مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، حضرت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، حضرت مولانا سید حامد محمد افتخار پاشاہ قادری اور جناب قاضی فاروق عارفی نے شرکت کی ۔

شیعہ علما کا بیان
٭٭ سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا کہ شہر میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ رویت ثابت ہوسکی ۔ لہذا 24 مئی یکشنبہ کو 30 رمضان المبارک ہوگی اور 25 مئی دوشنبہ کو یکم شوال عید الفطر ہوگی ۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء نے کی ہے ۔ مولانا سید نبی حسن زیدی ، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا ، مولانا رضا عباس خاں ، مولانا سید جواد عابدی ، مولانا محمد علی اور مولانا سید محب عابد ۔