’چوکیدار‘ نہ صرف چور بلکہ بزدل بھی ہے: راہول

,

   

ہائیلاکانڈی (آسام) ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اپنے طنز و تنقیدوں کو جاری رکھتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ ’چوکیدار‘ نہ صرف ’چور‘ بلکہ ’بزدل‘ بھی ہے کیونکہ وہ اپوزیشن پارٹی کے سربراہ کے ساتھ راست مباحثہ سے بچ رہا ہے۔ مختلف محاذوں پر تنقیدیں چھیڑتے ہوئے راہول نے کہا کہ مودی اور ان کی اسکیمات سے گزشتہ پانچ برسوں میں صرف امیر بزنسمینوں جیسے انیل امبانی، میہول چوکسی اور نیروو مودی کو ’فائدہ‘ پہنچا ہے۔ صدر کانگریس نے یہاں جلسہ عام میں کہا: ’’چوکیدار نہ صرف چور ہے، بلکہ بزدل بھی ہے۔ میں نے چوکیدار سے اپیل کی کہ میرے ساتھ مباحثہ کیجئے کیونکہ وہ کرپشن کی بات کرتے ہیں۔ ان میں ہمت نہیں ہے اور وہ اس سے کتراتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنی میعاد میں صرف 15 لوگوں کو فائدہ پہونچایا اور انہیں لگاتار رقم دیتے رہے ۔ 2019 ء میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے پر یہ شہہ سرخی ہوگی کہ غریب لوگوں کو رقم دی جارہی ہے ۔ راہول نے الزام عائد کیا کہ مودی نے 2 کروڑ نوکریاں دینے سے متعلق جھوٹا وعدہ کیا ‘ یہی نہیں بلکہ کسانوں کو منصفانہ قیمتیں دینے اور ہر ایک کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کرانے کا بھی وعدہ کیا جو سفید جھوٹ ثابت ہوئے ۔ صدر کانگریس نے غریب ترین افراد کو سالانہ 72 ہزار روپئے دینے پارٹی کے وعدہ کا اعادہ بھی کیا ۔‘‘ صدر کانگریس راہول گاندھی نے بی جے پی کے منشور پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے کمزور اور تکبر سے بھراہوا قراردیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا منشور عام آدمی کی آواز نہیں ہے ۔ اوراسے بند کمرے میں بیٹھ کر تیارکیاگیا ہے ۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنا منشور ملک کے عوام کے ساتھ مشورے کے بعد تیارکیا جو عوام کی طاقتور آواز ہے جبکہ بی جے پی کا منشور بند کمرے میں تیارکیاگیاہے۔