چٹ فنڈ میں سرمایہ لگانے سے قبل جانچ ناگزیر

   

دھوکہ دہی کے واقعات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ رجسٹرار ڈی وی پرساد کا مشورہ
حیدرآباد /30 اگست ( سیاست نیوز ) سماج میں آئے دن پیش آرہے دھوکہ دہی کے واقعات بالخصوص چٹ فنڈز کے نام جاری دھوکہ دہی جس میں عوام اپنے سرمایہ اور محنت کی کمائی سے محروم ہو رہے ہیں ۔ ان دھوکہ دہی کے واقعات سے عوام کو چوکس رہنے کا ڈسٹرکٹ رجسٹرار نے مشورہ دیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ رجسٹرار حیدرآباد نے اس سلسلہ میں پہل کرتے ہوئے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی چٹ فنڈ میں سرمایہ سے قبل اس کی جانچ کرلیں ۔ مسٹر ڈی وی پرساد ڈسٹرکٹ رجسٹرار حیدرآباد نے کہا کہ ڈی آر او میں چٹ فنڈز کمپنیوں کا باضابطہ رجسٹریشن ہوتا ہے اور ان سے کاروبار کی اجازت کے عوض ایف ڈی آر ایک بھاری رقم بطور ضمانت حاصل کی کرتا ہے ۔ جو کسی بھی قسم کی دھوکہ اور نقصان کے سلسلہ میں سرمایہ کاروں کو دی جاتی ہے جو چٹ فنڈ میں سرمایہ کرنے والوں کیلئے کچھ حد تک راحت کا باعث بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام جو محنت سے کمائی ہوئی رقم کو مستقبل کے سرمایہ کے طور پر چٹ فنڈز میں سرمایہ لگاتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ایک مرتبہ اس کمپنی کی جانچ کرلیں کیونکہ آج سماج میں ایسے بہت سے چٹ فنڈز اور چٹھیوں کا کاروبار کرنے والے منظر عام پر آرہے ہیں جو زائد نفع کا لالچ دیکر بھولے عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے ایسی کسی چٹ فنڈز اور کمپنی و ایجنسی کے متعلق ڈسٹرکٹ سب رجسٹرار آفس واقع ریڈ ہلز سے رجوع ہوکر جانکاری حاصل کرنے کا مشورہ دیا اور اس کے علاوہ ڈی آر آو اور پولیس سے شکایت کرتے ہوئے ان کا پردہ فاش کرنے کی عوام سے درخواست کی ۔