چھت پرسونے والے ایک شخص کاتیز دھار ہتھیاروں سے قتل

   

حیدرآباد28اپریل(یواین آئی) چھت پرسونیوالے ایک شخص کاتیز دھار ہتھیاروں سے قتل کردیاگیا۔یہ واردات آندھراپردیش کے ضلع وجیانگرم کے گری ویڈی ٹاون کے کونڈاپالم علاقہ کی ہڈکو کالونی میں کل شب پیش آئی۔مقتول جس کی شناخت 55سالہ پی چنابابو کے طورپر کی گئی ہے ، چھت پرتنہا سورہا تھا کہ نامعلوم افراد نے تیز دھارہتھیاروں سے اس پر وار کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔ملزمین جب اس واردات کے بعد فرار ہورہے تھے تب مقتول چنا بابوکے ارکان خاندان نے ان کو دیکھ لیا تاہم انہوں نے قاتلوں کو چور سمجھا۔بعد ازاں جب وہ چھت پرپہنچے تو چنابابو کی خون میں لت پت لاش پائی گئی۔اس واقعہ کے ساتھ ہی چنابابو کے ارکان خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا جنہوں نے اس واردات کی اطلاع پولیس کو دی۔اس شکایت کی بنیا د پرگری کاپاڈو پولیس نے اس خصو ص میں ایک معاملہ درج کرلیا اور پولیس کی ٹیم نے مقام واردات کا تفصیلی معائنہ کیا۔بعدازاں لا ش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیاگیا۔پولیس قاتلوں کو گرفتارکرنے کے لئے سرگرم ہوگئی ہے تاکہ قتل کی وجہ کا پتہ چلایاجاسکے اور قاتلوں کو سزا دلائی جاسکے ۔