چھ ضمانتوں پر عمل کیلئے آئندہ ماہ رہنما خطوط کی اجرائی

   

ڈپٹی چیف منسٹر کی قیادت والی کابینی ذیلی کمیٹی کا اجلاس۔ حکام کو ضروری ہدایات

حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت آئندہ ماہ کے اوائل میں 6ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے رہنماخطوط کی اجرائی کو یقینی بنانے اقدامات کرے گی اور عوام کو اسکیم کے فوائد پہنچانے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کی نگرانی میں کانگریس کی 6ضمانتوں پر عمل کے سلسلہ میں تشکیل دی گئی کابینی ذیلی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ڈپٹی چیف منسٹر کے چیمبر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملو بھٹی وکرمارک ‘ ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابوکے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔اجلاس میں صدرنشین کابینی ذیلی کمیٹی وڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیدار وںکو ہدایت دی کہ وہ جاریہ ماہ کے اواخر تک 28 ڈسمبر تا 6جنوری پرجاپالنا پروگرام کے ذریعہ وصول کی گئی ’ابھئے ہستم ‘ درخواستوں کو آن لائن کرنے کا عمل مکمل کرلیں ۔ ریاستی وزراء نے عہدیدارو ںسے ابھئے ہستم درخواستوں کے دوران 5ضمانتوں کے متعلق وصول کی گئی درخواستوں کو آن لائن کرنے کے متعلق تفصیل حاصل کرنے کے علاوہ ان درخواستوں میں شامل اسکیمات پر عمل کیلئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کو یقینی بنانے کی تاکید کی تاکہ حکومت سے آئندہ ماہ کے اوائل میں ہی ان اسکیمات پر عمل کا سلسلہ شروع کرسکے۔ ذرائع کے مطابق عہدیداروں و وزراء کے اجلاس میں اسکیم استفادہ کنندگان کے انتخاب کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا جار ہاہے کہ حکومت سے تمام درخواستوں کو آن لائن کئے جانے کی تکمیل کے بعد استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائیگا اور اس سے قبل اسکیمات پر عمل کے رہنماخطوط کی تیاری عمل میں لائی جائے گی۔عہدیدارو ںنے کابینی ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ مختلف اسکیمات کیلئے درخواستیں داخل کرنے والوں کی حقیقی تعداد اور ان کی اہلیت کا تمام درخواست فارمس کو آن لائن کرنے کے بعد پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ عہدیدارو ںکے مطابق درخواستوں کے آن لائن کرنے کے بعد درخواست گذاروں کی تعداد اور اہلیت کے علاوہ راشن کارڈ و دیگر خدمات کیلئے داخل درخواستوں کی علحدہ تنقیح کی جائیگی اور کابینی ذیلی کمیٹی کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ان اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کا طریقہ کار طئے کرنے مزید تبادلہ خیال کرکے اس پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔3