تلنگانہ ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ ،الاٹمنٹ کے مطابق آندھرا پردیش جانے کی ہدایت
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کو آج اس وقت ایک جھٹکہ لگا جب تلنگانہ ہائی کورٹ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو تلنگانہ کیڈر کا الاٹمنٹ منسوخ کرتے ہوئے اپنے کیڈر کے مطابق آندھرا پردیش جانے کی ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس ایس نندا پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مرکزی حکومت کے ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر یہ فیصلہ سنایا۔ مرکزی حکومت نے سومیش کمار کو 2016 میں تلنگانہ کیلئے الاٹ کرتے ہوئے سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل حیدرآباد کے فیصلہ کو چیلنج کیا تھا۔ ڈیویژن بنچ نے ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے 29 مارچ 2016 کے احکامات کو کالعدم کردیا۔ سومیش کمار کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ فیصلہ کو کچھ عرصہ کیلئے معرض التواء رکھا جائے تاکہ سومیش کمار اپیل کو جاسکیں۔ جس پر ہائی کورٹ نے تین ہفتوں تک فیصلہ پر عمل آوری کو روکنے کی ہدایت دی۔ سومیش کمار نے آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد انہیں آندھرا پردیش کیڈر الاٹ کرنے کے فیصلہ کے خلاف سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل میں درخواست دائر کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ کیڈر الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ وہ ٹریبونل کے احکامات کے تحت تلنگانہ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ مرکزی حکومت کی اپیل پر متعدد سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے آج سومیش کمار کو کیڈر کے مطابق آندھرا پردیش جانے کی ہدایت دی۔ سومیش کمار 1989 آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا تعلق بہار سے ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد وہ ٹریبیونل کے احکامات کے تحت تلنگانہ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سومیش کمار کو چیف سکریٹری کے طور پر 31 ڈسمبر 2019 کو مقرر کیا تھا اور وہ تین سال سے چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہیں۔ انہیں ریوینیو اور کمرشیل ٹیکس کے پرنسپل سکریٹریز اور چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن کے عہدوں کی اضافی ذمہ داری دی گئی تھی۔ چیف سکریٹری ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ر
سومیش کمار کو آندھرا پردیش میں رجوع ہونے مرکز کی ہدایت
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے فوری بعد مرکزی حکومت نے سومیش کمار کو 12 جنوری تک آندھرا پردیش میں رجوع ہونے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزارت پرسونل کی جانب سے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے۔ ڈپارٹمنٹ میں انڈر سکریٹری انوشمان مشرا نے چیف سکریٹری تلنگانہ کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا ہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے 10 جنوری کے فیصلہ میں سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبیونل کے 29 مارچ 2016کے احکامات کو کالعدم کردیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کی مناسبت سے سومیش کمار کو تلنگانہ میں خدمات سے فوری طور پر ریلیو کیا جارہا ہے۔
انہیں یہ ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ آندھرا پردیش حکومت میں 12 جنوری تک خدمات سے رجوع ہوجائیں۔ اس سلسلہ میں عمل آوری رپورٹ محکمہ کو روانہ کی جائے۔ر