چیف منسٹر ریونت ریڈی کی آج نئی دہلی روانگی

   

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 6 مئی کو نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ میٹرو ٹرین پراجکٹ فیز 2 کی مرکزی حکومت سے منظوری کے سلسلہ میں وہ مختلف وزراء سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مرکز نے فیز 2 کی منظوری اور فنڈس کی فراہمی کے لئے شرط رکھی تھی کہ فیز 1 کو حکومت مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لے۔ حکومت نے گزشتہ دنوں حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ سے معاہدہ کرتے ہوئے فیز 1 کو اپنے کنٹرول میں لے لیا اور کمپنی کے قرض حکومت کی جانب سے ادا کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نئی دہلی میں تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس کے لئے مرکزی وزراء سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ وہ نئی دہلی میں کانگریس اعلیٰ کمان کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔ اسمبلی نتائج کے بعد چیف منسٹر کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ کیرالا میں ریونت ریڈی نے انتخابی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ تلنگانہ کی طرز پر انتخابی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے خود نگرانی کی اور 2 مرتبہ کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اب جبکہ کیرالا میں نئے چیف منسٹر کے انتخاب کی سرگرمیاں جاری ہیں، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے ریونت ریڈی کو نئی دہلی آنے کا مشورہ دیا ہے۔ چیف منسٹر عہدہ کی دوڑ میں کے سی وینو گوپال بھی شامل ہیں۔V/1Y/I
وینو گوپال اور ریونت ریڈی میں خوشگوار روابط ہیں، ایسے میں ریونت ریڈی چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے وینو گوپال کے نام کی سفارش کرسکتے ہیں۔
پٹرول، ڈیزل اور گیاس کی قلت کے خلاف سی پی آئی کا آج ریاست گیر احتجاج
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) سی پی آئی ریاستی سکریٹری سامبا شیوا راؤ نے کہاکہ پٹرول، ڈیزل اور گیاس کی قلت سے نمٹنے میں حکام کی ناکامی کے خلاف کل 6 مئی کو سی پی آئی کی جانب سے احتجاجی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کثیر تعداد میں شریک ہوکر سی پی آئی کے احتجاج کو کامیاب بنائیں۔ سامبا شیوا راؤ نے کہاکہ ریاست میں پکوان گیاس کی قلت کے نتیجہ میں نہ صرف عوام بلکہ تجارتی شعبہ کو مسائل کا سامنا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں سے حیدرآباد اور اضلاع میں پکوان گیاس اور تجارتی گیاس سیلنڈرس کا حصول دشوارکن ہوچکا ہے۔ ایک طرف حکومت قلت سے انکار کررہی ہے جبکہ بنیادی سطح پر صورتحال مختلف ہے۔ 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے فوری بعد مرکز نے تجارتی گیاس سیلنڈر کی قیمت میں 993 روپئے کا اضافہ کردیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ گھریلو پکوان گیاس کی قیمت میں اضافہ کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مغربی ایشیاء کشیدہ صورتحال کا بہانہ بناکر عوام پر اضافی بوجھ عائد کرنا افسوسناک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کل 6 مئی کو تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس، منڈلس اور گرام پنچایتوں کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔V/1