چیف منسٹر نے چیف جسٹس ہائی کورٹ کو مکتوب روانہ کردیا : اتم کمار ریڈی

   

کالیشورم پراجکٹ کی عدالتی تحقیقات
حیدرآباد 13 جنوری ( سیاست نیوز ) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی عدالتی تحقیقات کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہائی کورٹ چیف جسٹس کو مکتوب روانہ کرکے برسر خدمت جج کی خدمات فراہم کی خواہش کی ۔ آج محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے جائزہ اجلاس میں اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جاریہ سال کے اواخر تک تقریبا 5 لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی سیراب کرنے تیاری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آرایس حکومت میں کام کم اور تشہیر زیادہ کی گئی سابق حکومت کی غلطیوں کو نہ صرف اجاگر کیا جارہا ہے بلکہ سدھارنے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ میڈی گڈھ بیارج کے پلرس کو بی آر ایس حکومت کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے نقصان پہونچا ہے ۔ کانگریس حکومت کی جانب سے ویجلنس تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ بہت جلد حقائق منظر عام پر آئیں گے جو بھی قصور وار ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ تلنگانہ کے پانی کے حقوق کا تحفظ کرنے حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ 2