چیف منسٹر کا قافلہ تحدیدات کے بغیر ٹریفک سے گزرگیا،ایرپورٹ سے قیامگاہ تک سفر میں عوام کو کوئی دشواری نہیں

   

حیدرآباد ۔7۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی گاڑیوں کا قافلہ آج کسی بھی تحدیدات کے بغیر عام ٹریفک میں گزرگیا۔ چیف منسٹر نے کل ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی تھی کہ ان کے قافلہ کے دوران عوام کو کوئی دشواری نہ ہونے پائیں۔ چیف منسٹر نے ان کے قافلہ کو گزرنے تک ٹریفک کو روکنے کی مخالفت کی تھی۔ چیف منسٹر آج صبح نئی دہلی سے حیدرآباد واپس ہوئے اور ایر پورٹ سے جوبلی ہلز قیامگاہ تک ان کا قافلہ معمول کی ٹریفک کے درمیان سے گزرا۔ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں نے کوئی رکاوٹیں کھڑی نہیں کی اور ٹریفک کو ایک ہی لائین میں گزرنے کی اجازت دی گئی۔ چیف منسٹر کا قافلہ عام ٹریفک سے گزرتے ہوئے جوبلی ہلز قیامگاہ پہنچ گیا۔ عام طور پر چیف منسٹر کے قافلہ کی آمد کے موقع پر دونوں سمت کی ٹریفک کو روک دیا جاتا ہے۔ ریونت ریڈی نے عوام کو ٹریفک کی دشواریوں سے بچانے کیلئے کسی بھی تحدیدات کی مخالفت کی۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق آج پولیس عہدیداروں نے ٹریفک کو نہیں روکا اور ریونت ریڈی کے کاروں کا قافلہ معمول کی ٹریفک سے گزرتا ہوا قیامگاہ پہنچا۔ چیف منسٹر نے نہ صرف ہدایت دی بلکہ عملی طور پر ٹریفک سے گزرتے ہوئے عوام کو دشواریوں سے بچالیا۔ سرکاری طور پر چیف منسٹر کے قافلہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل کیا گیا۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے علحدہ ٹریفک بیورو کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے قافلہ کی روانگی کے موقع پر پولیس نے آگے کی کاروں کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔1/k