چیف منسٹر کی تقریر نے سابقہ تمام ریکارڈس توڑ دیئے، تشہیر کی کامیاب حکمت عملی

   

رات بھر لوگوں کو خوشخبری کا انتظار، دنیا بھر میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ لاکھوں افراد کا مشاہدہ

حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے عوام کے حق میں اعلانات کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر راست تقررات کے اعلان کیلئے تشہیر کا جو طریقہ اختیار کیا وہ غیر معمولی کامیاب ثابت ہوا۔ چیف منسٹر نے کل ونپرتی میں جلسہ عام میں اعلان کیا تھا کہ چہارشنبہ کے دن صبح 10 بجے اسمبلی کی کارروائی کا بے روزگار نوجوان بھائی مشاہدہ کریں تو انہیں خوشخبری مل سکتی ہے۔ چیف منسٹر نے خوشخبری کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن کل رات سے ہی نہ صرف بے روزگار نوجوان بلکہ سرکاری ملازمین اور ہر تعلیم یافتہ شخص کو صبح 10 بجے کا انتظار تھا کہ چیف منسٹر اسمبلی میں آخر کیا خوشخبری دینا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے بھی چیف منسٹر کے اعلان کے سلسلہ میں کئی اندازے قائم کرلئے تھے۔ صبح سے ہی لوگوں کو 10 بجنے کا انتظار تھا اور تمام ٹی وی چیانلس پر اسمبلی کی کارروائی کا راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر آفس اور ٹی آر ایس آفس کی جانب سے چیف منسٹر کی تقریر کو لائیو پیش کیا گیا۔ ٹی آر ایس کے سوشیل میڈیا وِنگ نے چیف منسٹر کی تقریر کو وائرل کرنے کیلئے غیر معمولی مساعی کی۔ ٹھیک 10 بجے اسمبلی اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی طلبہ اور نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن تیز ہوگئیں اور چیف منسٹر نے اپنی تقریر کا آغاز کیا۔ تلنگانہ تحریک میں نوجوانوں کی قربانیاں اور بے روزگار نوجوانوں کے مسائل کا تفصیلی ذکر کرنے کے بعد چیف منسٹر نے تقررات سے متعلق تحریری بیان پڑھا۔ اسمبلی کی تاریخ میں شاید یہ پہلا موقع ہے جب چیف منسٹر کی تقریر دیکھنے کا ریکارڈ قائم ہوا۔ نہ صرف تلنگانہ بلکہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش اور دنیا کے مختلف حصوں میں بسنے والے تلگو عوام نے ٹی وی چیانلس اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ کے سی آر کی تقریر کا مشاہدہ کیا۔ تمام سرکاری دفاتر میں عہدیداروں اور ملازمین کو چیف منسٹر کی تقریر سنتے ہوئے دیکھا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر کل پیشگی اطلاع کے بغیر چیف منسٹر اچانک تقریر کرتے تو اس قدر پبلسٹی حاصل نہ ہوتی۔ چیف منسٹر کی تقریر نے اب تک کے تمام ریکارڈس توڑ دیئے ہیں اور لمحہ آخر تک طلبہ اور نوجوانوں میں تجسس برقرار رہا۔ ر