مختلف عمارتوں کا جائزہ ، چیف سکریٹری شانتی کماری کی حکومت کو رپورٹ
حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی سرکاری قیام گاہ و کیمپ آفس کے لئے مختلف عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد پائیگاہ پیالس کو قطعیت دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں! بیگم پیٹ میں واقع پائیگاہ پیالس کی عمارت جہاں حالیہ عرصہ تک امریکی قونصل خانہ خدمات انجام دے رہا تھا اس عمارت کے تخلیہ کے بعد سرکاری عہدیداروں کی جانب سے مختلف دفاتر کے لئے پائیگاہ پیالس کے استعمال کا جائزہ لیا جاتا رہا ہے لیکن گذشتہ یوم چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے پائیگاہ پیالس کا دورہ کرتے ہوئے عمارت کی تفصیلات حاصل کی اور اس میں موجود سہولتوں کا مشاہدہ کرنے بعد رپورٹ کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے پرجا بھون سابقہ پرگتی بھون کو ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے کیمپ آفس کے طور پر حوالہ کرنے کے احکامات کے بعد سے چیف منسٹر کیمپ آفس کے لئے مختلف عمارتوں کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ ابتداء میں چیف منسٹر ایم سی ایچ آر ڈی میں چیف منسٹر کے کیمپ آفس کے قیام کا جائزہ لینے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد عہدیداروں بالخصوص سیکوریٹی ماہرین کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے ذمہ داروں سے تبادلہ خیال کے بعد یہ کہتے ہوئے اس منصوبہ کو زیر التواء رکھنے کا فیصلہ کیا گیا کہ اگر چیف منسٹر کیمپ آفس ایم سی ایچ آر ڈی میں رکھا جاتا ہے تو ایسی صورت میں چیف منسٹر کی سیکریٹریٹ آمد و رفت کی وجہ سے شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ رہے گا ۔ بعد ازاں عہدیداروں نے بیگم پیٹ پر واقع میٹرو ریل بھون کی عمار ت میں چیف منسٹر کیمپ آفس قائم کرنے کے سلسلہ میں جائزہ لیا جہاں میٹرو ریل عہدیداروں کے دفاتر کے علاوہ سابقہ حکومت کے دورمیں چیف منسٹر کے مشیروں کے دفاتر خدمات انجام دے رہے تھے لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر چیف منسٹر کیمپ آفس کے لئے اس عمارت کو بھی مستردکردیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ پائیگاہ پیالس سابق امریکی قونصل خانہ کی عمارت کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ پائیگاہ پیالس میں دو علحدہ عمارتوں کے علاوہ کیمپ آفس کے لئے درکار کمرے اور دفاتر کے ساتھ ساتھ وفودسے ملاقات کے لئے علحدہ گوشے موجود ہیں۔ پائیگاہ پیالس کی مرکزی عمارت کے عقبی حصہ میں علحدہ عمارت موجود ہے اور اس عمارت کو چیف منسٹر کی قیام گاہ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ پائیگاہ پیالس جہاں امریکی قونصل خانہ کے قیام سے قبل حڈا کا دفتر ہوا کرتا تھا اور اس سرکاری عمارت کے وسیع و عریض رقبہ کو امریکی قونصل خانہ کی عمارت کے لئے حوالہ کئے جانے کے بعد اس عمارت کو امریکی حکام نے سیکوریٹی تناظر کے علاوہ عمارت کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے کیلئے اسے بہتر انداز میں رکھنے کے اقدامات کئے گئے تھے اور عمارت کے سامنے کے حصہ میں بہترین باغبانی کرتے ہوئے اسے انتہائی خوبصورت بنایا گیا تھا ۔ امریکی قونصل خانہ کی نانک رام گوڑہ منتقلی کے بعد اس عمارت کو ہوٹل یا وزارت محکمہ بلدی نظم و نسق کے دفتر کے طور پر استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی لیکن اب اس عمارت میں چیف منسٹر کیمپ آفس کے قیام کے متعلق عہدیداروں نے جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پائیگاہ پیالس کے علاوہ خیریت آباد چوراہے پر موجود ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کی عمارت جو بیلا ویسٹا کے نام سے مشہور ہے اس عمارت میں بھی چیف منسٹر کیمپ آفس کے قیام پر غور کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ لب سڑک واقع اس عمارت کا رقبہ زائد از 9ایکڑ ہے اور سڑ ک کے تین جانب اس عمارت کے لئے راستہ ہے اسی لئے اس عمارت کا بھی جائزہ لئے جانے کا امکان ہے۔3