نئے صنعتی کاریڈار اور ریاست کو این ڈی سی۔ میگا لیدر پارک منظور کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 13 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج دہلی میں مرکزی وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ حیدرآباد بذریعہ مریال گوڑہ اور وجئے واڑہ کے درمیان ایک نئے صنعتی کاریڈور کے قیام کو منظوری دینے کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد تا ناگپور صنعتی راہداری کیلئے بھی قطعی منظوری دینے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت اس کو منظوری دیتی ہے تو ریاست کو 2,300 کروڑ روپئے جاری ہوتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ریاست کے مختلف مسائل سے مرکزی وزیر کی توجہ دلائی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد، ورنگل انڈسٹریل کاریڈور کو ترجیحی اہمیت کے موضوع پر سابق حکومت نے فارماسٹی کی تجویز پیش کی تھی۔ اس سے دستبراری اختیار کرتے ہوئے نئی تجاویز روانہ کرنے کی بھی مرکزی وزیر سے منظوری طلب کی۔ چیف منسٹر نے پیوش گوئل کو یاد دلایا کہ نیشنل ڈیزائن سنٹر (این آئی ڈی) یو پی اے کے دورحکومت میں حیدرآباد کیلئے منظور کیا گیا تھا اور اس وقت کے مرکزی وزیر آنند شرما نے اس کا سنگ بنیاد بھی رکھا تھا۔ تاہم ریاست کی تقسیم کے بعد این آئی ڈی کو وجئے واڑہ منتقل کردیا گیا ہے۔ اس تناظر میں تلنگانہ کو ایک این آئی ٹی منظور کرنے کی درخواست کی گئی۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے ضلع نیلور کو میگا لیدر پارک کی منظوری دی تھی۔ اس وقت ریاست تقسیم نہیں ہوئی تھی۔ فی الحال تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر، جنگاؤں میں لیدر پارک کے قیام کیلئے ضرورت کے مطابق اراضی موجود ہے۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کو میگا لیدر پارک منظوری کرتی ہے تو ان اراضیات کو مختص کردی جائے گی۔ مرکزی وزیر نے اجلاس میں موجود عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ یہ ایک اچھی تجویز ہے اس مسئلہ پر ضرور غور کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پی ایم مترا اسکیم کے تحت ورنگل کے میگا ٹیکسٹائیل پارک کو براون فیلڈ کا درجہ دیا ہے اس کو گرین فیلڈ کا درجہ دینے کا مرکز سے مطالبہ کیا۔ اگر مرکز کی جانب براون فیلڈ کے درجہ کو گرین فیلڈ میں تبدیل کیا جاتا ہے تو گرانٹس کی شکل میں ریاست تلنگانہ کو 300 کروڑ روپئے زیادہ وصول ہوں گے اور صنعتی شعبہ کو ترقی دینے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہیکہ وہ تکنیکی ٹیکسٹائل (بلٹ پروف جیکٹس، کنوینر بیلٹس، ایر بیگ وغیرہ کے ٹسٹنگ سنٹرس قائم کرنے کیلئے تیار ہونے کا حال ہی میں اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ کیلئے سنٹر آف ایکسیلنس فار ٹیکنیکل ٹیکسٹائل سنٹر منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔2