چین ہماری زمین پر قابض ، مودی تردید نہ کریں : راہول

,

   

نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے جمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی سے لب کشائی کرنے اور ملک کو اس بارے میں سچائی بتانے کی اپیل کی کہ آیا چین کوئی ہندوستانی علاقہ پر قابض ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کہتے ہیں کہ کوئی ہندوستانی علاقہ پر چین نے قبضہ نہیں کیا ہے جبکہ سٹلائیٹ سے موصولہ تصاویر کچھ اور دکھاتی ہیں تو ایسی صورت میں چین کو ان کے بیان سے فائدہ پہنچے گا۔ راہول نے کہا کہ اگر آپ کہتے ہو کہ ہندوستانی زمین چین نے قبضہ میں نہیں لی ہے جبکہ حقیقت میں ایسا ہوا ہے تب چین کو فائدہ پہنچے گا۔ ایک ویڈیو پیام میں جو کانگریس پارٹی کی شہید ہندوستانی فوجیوں کو خراج پیش کرنے کی مہم کا حصہ ہے، راہول نے کہا کہ وزیراعظم نے بیان دیا کہ ہندوستانی علاقہ کا ایک انچ نے بھی کسی نے نہیں لیا اور کوئی دراندازی نہیں ہوئی لیکن سٹلائیٹ امیج اور ماہرین کہتے ہیں کہ چین نے مشرقی لداخ میں تین مقامات پر ہندوستانی علاقہ پر قبضہ کیا ہے۔ اس دوران صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بھی ویڈیو پیام میں کہا کہ مرکزی حکومت چین کے ساتھ ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے کی اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی اور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم مودی لداخ کی صورتحال کے بارے میں قوم کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اگر چین نے کوئی ہندوستانی علاقہ پر قبضہ نہیں کیا جیسا کہ وزیراعظم نے دعویٰ کیا ہے تو پھر ہمارے ملک کے فوجیوں کی شہادت کیونکر ہوئی۔ آج جب ہند ۔ چین سرحد پر بحران جیسی صورتحال ہے، مرکزی حکومت ان کی حفاظت کرنے کی اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی۔ ملک جاننا چاہتا ہیکہ آیا چین نے لداخ میں ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے؟ اگر وزیراعظم کے دعویٰ کو قبول کیا جائے تو پھر ہمارے 20 سپاہی کیوں شہید ہوئے۔ راہول نے کہا کہ سارا ملک وزیراعظم کو حوصلہ دینے میں متحد ہے اور ہمیں مل کر چین کا مقابلہ کرتے ہوئے اسے نکال باہر کرنا ہوگا۔ ’’پرائم منسٹر جی، کچھ تو بولئے، خائف ہونے کی ضرورت نہیں۔ آپ کو سچائی ملک کو بتانا ہوگا۔ یہ کہنے سے مت گھبرائے کہ ہاں چین نے ہماری زمین ہتھیائی ہے اور ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ سارا ملک آپ کا ساتھ دے گا‘‘۔