چیگنٹہ میں سرکاری ڈگری کالج کے قیام کی مساعی: جی ویویک وینکٹ سوامی

   

میدک۔ 19 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز): ریاستی وزیر برائے توانائی، محنت، روزگار، ، فیکٹریزانچارج میدک ضلع ڈاکٹر جی ویویک وینکٹ سوامی نے کہا ہے کہ اگر سرکاری اسکولوں کے طلبہ بڑے مقاصد طے کرکے نظم و ضبط اور محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں تو وہ ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں تک پہنچ سکتے ہیں۔وہ میدک ضلع کے چیگنٹہ گورنمنٹ ہائی اسکول میں Sureify School Kits کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر نے طلبہ میں مفت اسکول بیاگ تقسیم کیے۔وزیر نے کہا کہ آج سرکاری اسکولوں میں صرف بلیک بورڈ ہی نہیں بلکہ دنیا کو دیکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع بھی موجود ہیں۔ دیہی علاقوں کے طلبہ اپنی صلاحیتوں کے بل پر آئی آئی ٹی، میڈیکل اور انجینئرنگ جیسے ممتاز اداروں میں داخلے حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیگنٹہ اسکول کے دو طلبہ کا آئی آئی آئی ٹی میں داخلہ اساتذہ کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔ وزیر نے یقین دلایا کہ چیگنٹہ کے عوام کے دیرینہ مطالبہ، سرکاری ڈگری کالج کے قیام، کو حکومت کی توجہ میں لاکر اس کی منظوری کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔اس تقریب میں اسکول اور انٹر کالج کے پرنسپلس، Sureify کے منیجنگ ڈائریکٹر، سنکلپ تنظیم کے نمائندے، دوباک کانگریس انچارج، سی ایچ سرینواس ریڈی سرپنچ،چیگنٹہ نائب سرپنچ، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین، منڈل کانگریس صدر، عوامی نمائندے، اساتذہ، طلبہ اور بڑی تعداد میں مقامی افراد شریک تھے۔