ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قدرمیں گراوٹ شرمناک:پرمود تیواری

   

نئی دہلی : راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن پرمود تیواری نے کہا ہے کہ آج ملک کی “معاشی دنیا” کے لیے سب سے شرمناک دن ہے ، جب آزاد ہندوستان کی تاریخ میں روپیہ کی قدر ریکارڈ کمی کے ساتھ ایک امریکی ڈالر کے مقابلے 81.09 روپے ہو گئی ہے ۔رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں پڑھنے والے ہندوستانی طلباء کا کیا ہوگا؟ وہاں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کا کیا ہوگا؟ ان ہندوستانی لوگوں کا کیا ہوگا جو امریکہ میں کاروبار کے شعبے میں سرمایہ لگاتے ہیں؟ آج مودی جی کے دور میں “بھارت ماتا” کی شان میں سب سے “سیاہ باب” کا اضافہ ہوا ہے ۔مسٹر تیواری نے کہا ہے کہ ٹھیک 8 سال پہلے جب نریندر مودی جی ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے ، وہ پورے ہندوستان میں ” دھاڑتے ” تھے کہ “بھائیو اور بہنو! جب ملک میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر گرتی ہے تو ملک کا ‘‘کریڈٹ’’ گر جاتا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ملک کے روپے کی قدر گرتی ہے تو اس ملک کے وزیر اعظم اور حکومت کی ساکھ بھی گر جاتی ہے ۔ مسٹر مودی نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا تھا کہ “روپے کی قدر میں گراوٹ سے ایسا لگتا ہے کہ یہ وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کی عمر سے بھی تجاوز کر جائے گی”۔