ڈاکٹر سید نثار الدین اور ان کی اہلیہ میڈیکو ام مہیمین صائمہ کا سانحہ ارتحال

   

خاوند کے ساتھ اپنی ایک ہونہار طالبہ کے گذر جانے پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے انتظامیہ کا اظہار تعزیت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) ۔ ایم ایس جونئر کالج کی سابق طالبہ ام مہیمین صائمہ اور ان کے خاوندڈاکٹر سید نثار الدین کی اچانک رحلت پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی انتظامیہ نے اپنے گہرے ر نج وغم کا اظہار کیا۔ ام مہیمین صائمہ ایم ایس جونیر کالج کی طالبہ تھیں، انہوں نے سال 2018 میں انٹرمیڈیٹ کے سال دوم کا امتحان امتیازی نشانات سے کامیاب کیا تھا۔ انہوں نے بائی پی سی گروپ سے انٹرمیڈیٹ امتحان میں991 مارکس حاصل کرتے ہوئے ریاست بھر میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔اس بنا ء پر ایم ایس کی جانب سے ام مہیمین صائمہ کو ایک لاکھ روپیے پر مشتمل انعام سے نوازا گیا تھا۔ ام مہیمین صائمہ دکن میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ اپنی ایک ہونہار طالبہ کے اپنے خاوند کے ساتھ المناک حادثہ میں گذر جانے پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اپنی ماہانہ بورڈ میٹینگ میں تعزیت کا اظہار کیا اور اس سانحہ کو ‘ دو قابل افراد جو قوم وملت کا اثاثہ تھے انکی رحلت ایک عظیم نقصان’ قرار دیا۔گذشتہ ماہ میڈیکل کی طالبہ ام مہیمین صائمہ اور ان کے خاوند ڈاکٹر سید نثار الدین کی حیدرآباد میں اپنے مکان میں برقی شاک لگنے سے انتقال ہوگیاتھا۔