ڈبل بیڈ روم مکانات فراہمی کا جھانسہ، دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی باوقار ڈبل بیڈ روم اسکیم میں مکانات کی فراہمی کا جھانسہ دے کر بے گھر عوام کو لوٹنے والے دو افراد کو سائبر آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر بالا نگر زون پدمجا نے بتایا کہ 35 سالہ بی کمار بابو عرف بی پرشانت ریڈی، عرف رمیش بابو عرف روی ورما ساکن کرشنا نگر یوسف گوڑہ اور 23 سالہ شیخ سلمان ساکن بورا بنڈہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 37 لاکھ روپے نقد رقم، 30 تولہ طلائی زیورات، ایک کار، موٹر سائیکل، 5 مکانات کے دستاویزات و دیگر اہم اشیاء کو ضبط کرلیا جن کی مالیت 61 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ بی کمار بابو نے خود کو بی ایچ ایم سی کا انچارج ہاوزنگ ڈپارٹمنٹ سے ظاہر کیا اور سلمان کو بلدیہ کا ڈیویژنل آفیسر ظاہر کررہا تھا۔ اپنی فرضی شناخت سے بے گھر افراد کو اپنی جعلسازی کا شکار بنا کر ان دونوں نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی آڑ میں دھوکہ دیا اور فی کس ایک لاکھ 80 ہزار تا 6 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کررہے تھے۔A