ڈونالڈ ٹرمپ کے روایتی استقبال کی تیاریاںجاری

,

   

نئی دہلی 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیہ ٹرمپ کو امکان ہے کہ پیر کی رات آئی ٹی سی موریہ ہوٹل کی جانب سے شاندار روایتی استقبال پیش کیا جائیگا ۔ انہیںٹیکہ لگایا جائیگا اور پھولوں کے ہار پہنائے جائیں گے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اس ہوٹل کی جانب سے امریکی صدر کے استقبال کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جا رہی ہے ۔ ساری ہوٹل میں نمستے کی علامات بنائی جائیں گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر امریکہ اور خاتون اول کا روایتی ٹیکہ اور تھالی سے استقبال کیا جائیگا جب وہ پیر کی شام یہاں پہونچیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ روایتی لباس میں ملبوس خواتین اس جوڑے کا استقبال کرینگی ۔ اسی طرح کا روایتی استقبال سابق امریکی صدر بارک اوباما کا بھی کیا گیا تھا جب انہوں نے دو مرتبہ ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔ اوباما 2010 میں اور پھر 2015 میں ہندوستان آئے تھے ۔ 2015 میں انہوں نے یوم جمہوریہ تقاریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے یہ دورہ کیا تھا ۔ ڈونالڈ ٹرمپ امریکی خاتون اول کے ساتھ گرانڈ صدارتی سوٹ میں رہیں گے جسے چانکیہ کہا جاتا ہے ۔ اس میں کئی سربراہان مملکت نے قیام کیا ہے جن میں اسبق امریکی صدور جمی کارٹر ‘ بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش بھی شامل ہیں۔ ہوٹل کے ذمہ داران کی جانب سے تاہم ٹرمپ کے استقبال کے تعلق سے تیاریوں پر کچھ بھی نکہں کہا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ دہلی پولیس ‘ امریکی خفیہ سرویس اور دوسری ایجنسیوں کی جانب سے مثالی سکیوریٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ہوٹل کے ہر فلور پر سادہ لباس میں ملبوس پولیس عہدیدار بھی موجود رہیں گے جو مسلسل پٹرولنگ کرتے رہیں گے ۔ صدر امریکہ کی دختر ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بھی ہندوستان آنے والے اعلی سطح کے وفد میں شامل رہیں گے ۔