کاماریڈی ۔10 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاماریڈی ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سانگوان نے کہا ہے کہ عوامی نظم و نسق اور ترقیاتی منصوبوں کے 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت منعقد کی جا رہی خصوصی گرام سبھاؤں کے ذریعے دیہی مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ چہارشنبہ کے روز بکنور گاؤں میں منعقدہ خصوصی گرام سبھا میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے دیہاتیوں کے مسائل، ترقیاتی ضروریات اور مختلف فلاحی اسکیمات کے نفاذ کا جائزہ لیا اور موصولہ درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ ایس آئی آر پروگرام کے تحت گھر گھر سروے کرتے ہوئے 18 سال مکمل کرچکے اہل افراد کے نام ووٹر فہرست میں شامل کیے جا رہے ہیں جبکہ دوہرے ووٹروں کے نام حذف کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جن سنرکشن – من سنرکشن‘‘ پروگرام کے تحت ضلع بھر میں 36 ہزار کھائیاں کھودی جا چکی ہیں اور دیہی علاقوں میں برقی کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی ، کسانوں میں آئل پام کی کاشت کے فروغ کے لیے وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کرنے پر بھی زور دیا ۔اس موقع پر ’’ارائیو الائیو‘‘ سڑک تحفظ مہم کے تحت عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور بیدار کیا گیا اور ٹو ویلر گاڑیاں چلانے والوں میں ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں ایڈیشنل ایس پی نرسمہا ریڈی، ایڈیشنل کلکٹر ایم وی گری، سرپنچ ریکھا، مختلف محکموں کے عہدیداران، عوامی نمائندے، پنچایت عملہ اور بڑی تعداد میں دیہاتیوں نے شرکت کی۔