ڈکیتی کے اہم مقدمہ میں پولیس کو کامیابی

   

نقد رقم ، غیرملکی کرنسی ، موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد ، 5 ملزمین گرفتار
کاماریڈی۔23 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاماریڈی ٹاؤن پولیس نے ڈکیتی کے ایک اہم مقدمہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے نقد رقم، غیر ملکی کرنسی، موبائل فونس اور ایک ٹو ویلر گاڑی برآمد کرلی ٹاؤن ایس ایچ او ناراہری کے مطابق 19؍ مئی کی نصف شب لنگم پیٹ منڈل کے موضع موتے سے تعلق رکھنے والے گنڈریڈی راجو ریڈی عرف راجو نے کاماریڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ 18؍ مئی کی شب وہ اپنے رشتہ دار رنجیت کے ساتھ راجیو نگر کالونی میں رینوکا فنکشن ہال کے روبرو موجود تھے کہ رات تقریباً 8 بجے پانچ افراد نے انہیں روک کر دھمکایا، حملہ کیا اور ان کے پاس موجود 4 ہزار روپئے نقد، آدھار کارڈ اور رنجیت کے پاس موجود 300 دبئی درہم لوٹ لیے۔ علاوہ ازیں شکایت کنندہ کے موبائل فون کے ذریعہ Navi App کے ذریعے ایک ہزار روپئے بھی زبردستی UPI کھاتے میں منتقل کروائے گئے۔ پولیس نے اس شکایت پر کرائم نمبر 409/2026 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ دورانِ تفتیش سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزمین کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔ 21؍ مئی کو مصدقہ اطلاع پر راجیو نگر میں ڈیلکس بیکری کے قریب مشتبہ حالت میں گھوم رہے پانچ افراد کو تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی، جن کی شناخت شیخ سلمان، محمد معیز، لوکیش، شیخ شانواز اور ایک کمسن ملزم محمد مجید (CCL) کے طور پر ہوئی۔ دورانِ تفتیش ملزمین نے اعتراف کیا کہ وہ آسانی سے دولت حاصل کرنے کی غرض سے رات کے اوقات میں تنہا افراد کو نشانہ بنا کر دھمکیوں اور حملوں کے ذریعہ ڈکیتی کی وارداتیں انجام دیتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ لوٹے گئے 300 دبئی درہم کو کاماریڈی کے مدن لال الیکٹرانکس میں تبدیل کرا کے حاصل شدہ رقم آپس میں تقسیم کرلی گئی تھی۔پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے مجموعی طور پر 8,300 روپئے نقد، ایک آئی فون 15، POCO، MIUI اور سام سنگ موبائل فون، متاثرہ شخص کا آدھار کارڈ، پرس، TS23F6835 نمبر کی ہونڈا ایکٹیوا اسکوٹر اور 300 دبئی درہم برآمد کیے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ بے روزگاری، کم آمدنی اور جلد دولت حاصل کرنے کی خواہش نے ان نوجوانوں کو جرائم کی راہ پر ڈال دیا۔ گرفتار ملزمین کو عدالتی ریمانڈ پر روانہ کردیا گیا جبکہ کمسن ملزم کو جووینائل قوانین کے مطابق پیش کیا گیا۔ اس مقدمہ کو برق رفتاری سے حل کرنے پر کاماریڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اور عملہ کو اعلیٰ عہدیداروں نے مبارکباد پیش کی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ رات کے اوقات میں تنہا ویران مقامات پر جانے سے گریز کریں، مشتبہ افراد کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل 100 پر دیں ۔ ساتھ ہی والدین اور سماج سے بھی نوجوانوں کو آسان دولت کے لالچ میں جرائم کی راہ اختیار کرنے سے روکنے کی اپیل کی گئی۔