ڈیموکریٹ کوری بوکر بھی وائیٹ ہاؤس کے دعویدار

,

   

واشنگٹن ۔ 2 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) ڈیموکریٹ کوری بوکر نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی صدارت کیلئے مسابقت کریں گے جس کے ساتھ 2020 ء میں ڈونالڈ ٹرمپ سے مقابلہ کرنے والوں کی بڑی تعداد میں کرشماتی افریقی۔امریکی آواز کا اضافہ ہورہاہے ۔ جمعہ کو ایک ویڈیو کلپ میں یہ اعلان کرتے ہوئے نیوجرسی کے نمائندہ سنیٹر نے نسلی طورپر منقسم شہری امریکہ میں اپنے آباء و اجداد کا ذکر کیا اور سیول رائیٹس موؤمنٹ کا حوالہ بھی دیا ۔ بوکر کا کیرئیر اور سیاسی کشش سابق صدر براک اوباما کے مماثل ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم تمام مل جل کر ہمارے مشترک مقصد کو حاصل کرسکتے ہیں ۔ ہم مل جلکر امریکہ کو مزید ترقی دلاسکتے ہیں۔ ہماری ایسی قوم ہے جو سب سے آگے ہے اور ہمیں اس موقف کو برقرار رکھنا چاہئے ۔ بوکر نے نیوجرسی کے نسبتاً کم معروف علاقہ میں واقعہ اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی ۔ 49 سالہ بوکر نے کہاکہ عوام موجودہ ماحول سے اُکتاچکے ہیں ۔ بوکر سے قبل آٹھ دیگر قائدین نے بھی وائیٹ ہاؤس کے لئے اپنی دعویداری کا اعلان کیا ہے جن میں ٹرمپ کی کٹر حریف ایلزیبتھ وارن سے لے کر کملا ہیریس (کیلی فورنیا کی سنیٹر) ہیں۔ کملا ہیریس امریکہ کی اولین سیاہ فام خاتون صدر بننا چاہتی ہیں ۔ بوکر نیوارک کے میئر کی حیثیت سے سیاسی طورپر مقبول ہوئے ۔