ڈینگو سے متاثرہ لڑکا طبی لاپرواہی پر فوت

   

والدین کی شکایت پر پرگنا ہاسپٹل کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد /13 ستمبر ( سیاست نیوز ) پنجہ گٹہ کے علاقہ میں ایک ہاسپٹل اسٹاف کی مبینہ لاپرواہی سے 7 سالہ لڑکا فوت ہوگیا ۔ جس کو ڈینگو کی شکایت پر ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا ۔ پولیس نے لڑکے کے والدین کی شکایت پر ہاسپٹل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وگنیش جس کی عمر 7 سال بتائی گئی ہے ۔ رحمت نگر علاقہ کے ساکن لنگم کا بیٹا تھا ۔ 7 ستمبر کے دن اس کی صحت خراب ہونے کے سبب وگنیش کو ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق اس کمسن لڑکے کو ڈی پی کالونی میں واقع پرگنا ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ۔ جہاں طبی جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے ڈینگو کی تصدیق کی اور علاج شروع کیا ۔ اس دوران لڑکے کی صحت اچانک بگڑ گئی اور اس کو 9 ستمبر کے دن ہاسپٹل کے آئی سی یو میں شریک کیا گیا ۔ باوجود اس کے بچے کی صحت میں کوئی سدھار نہیں آیا اور بچہ کی حالت مزید بگڑ گئی اور وینٹیلیٹر کی نوبت آگئی ۔ 11 ستمبر کے دن ڈاکٹروں نے لڑکا فوت ہوجانے کی تصدیق کی ۔ اس بات پر پریشان والدین نے احتجاج کیا اور لڑکے کی والدہ نے پولیس میں شکایت کردی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق دوا کی زائد مقدار کے استعمال کے سبب بچے کی موت واقع ہوگئی ۔