ڈینیل اور میڈیسن نے سنسناتی خطابات جیت لئے

   

سنسناتی ۔19 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) یو ایس اوپن سے قبل کھیلے جانے والے اے ٹی پی ۔ ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ کے مرد اور خاتون زمرے میں حیران کن طورپر غیرمعروف کھلاڑیوں نے خطابات حاصل کئے حالانکہ ٹورنمنٹ میں عالمی نمبر ایک ایشلیگ بارٹی جبکہ مرد زمرے میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ اور راجر فیڈرر بھی موجود تھے۔ خاتون زمرے میں میڈیسن کیس نے دونوں سیٹوں میں سرویس گنوانے کے باوجود روسی ٹینس اسٹار سویتلانا کوزنتسوا کو 7-5، 7-6(7-5) سے شکست دی ۔ 2017 ء کے یو ایس اوپن فائنل میں خطابی شکست برداشت کرنے والی میڈیسن نے اپنے کیرئیر کا پانچواں اور رواں سیزن کا دوسرا خطاب حاصل کیا ہے جبکہ اپریل میں انھوں نے چارلسٹن میں بھی خطاب حاصل کیا تھا ۔ اس شاندار کامیابی کی بدولت میڈیسن سرفہرست دس کھلاڑیوں میں شامل ہوگئی ہیں۔ دوسری جانب دو مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپیئن کوزنتسوا مسلسل زخموں کی وجہ سے کھیل سے دور رہنے کے بعد اب دوبارہ اپنا معیاری کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہورہی ہیں۔ دوسری جانب سے مرد زمرے کے مقابلے میں ڈینیل میڈویڈو نے یکے بعد دیگرے دو خطابات حاصل کئے ہیں جیسا کہ انھوں نے خطابی مقابلے میں ڈیوڈ گافن کو 7-6(7-3)، 6-4 سے شکست دی ۔ روسی کھلاڑی نے آخری گیم میں بریک پوائنٹ پر ایس مارتے ہوئے ماسٹر1000 ٹرافی حاصل کی ۔ حالیہ مہینوں میں ان کے مظاہرے انتہائی شاندار رہے جیسا کہ واشنگٹن میں انھیں نک کیریاس کے خلاف خطابی مقابلے میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی جبکہ مونٹیریال میں نڈال کے خلاف وہ خطابی مقابلہ جیت نہیں پائے تھے ۔ تین ہفتوں کے دوران تین خطابی مقابلے کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈینیل نے کہاکہ یہ تین ہفتے میرے لئے کافی شاندار رہے اور خطاب حاصل کرنے کے بعد میرے احساسات انتہائی شاندار ہیں ۔ سیمی فائنل میں انھوں نے عالمی نمبر ایک جوکووچ کو شکست دیتے ہوئے حیران کن کامیابی حاصل کی ۔ اب آئندہ ہفتے یو ایس اوپن کے آغاز کے موقع پر انھیں خطاب کیلئے دعویدار کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے ۔
تیسرے ٹسٹ کیلئے انگلینڈ ٹیم میں کوئی تبدیلی
لندن ۔19 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کیخلاف ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے ایشز کے تیسرے ٹسٹ میں انگلش ٹیم نے اپنی صف بندی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جبکہ زخمی جیمس اینڈرسن بدستور ٹیم سے باہر ہیں ۔ انگلش سلیکٹروں نے اتوار کو لارڈس ٹسٹ میں جن کھلاڑیوں نے مقابلہ ڈرا کیا ہے اُسی ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لارڈس ٹسٹ کے آخر ی دن انگلش بولروں نے مہمان ٹیم پر کافی دباؤ بنادیا تھا اور سیریز کو 1-1 سے برابر کرنے کے موقف میں پہونچ گئے تھے لیکن آسٹریلیائی بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ مقابلوں کی سیریز میں اپنے 1-0 صفر کی سبقت کو برقرار رکھا ہے ۔ انگلش ٹیم کیلئے ٹسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے اینڈرسن پیر میں تکلیف کے باعث دوسرا ٹسٹ لارڈس میں نہیں کھیل پائے تھے اور اب وہ ہیڈنگلے میں تیسرا ٹسٹ بھی نہیں کھیل پائیں گے ۔