ڈی اے وی اسکول کی بحالی پر غور و خوض محکمہ تعلیم کی اولیائے طلباء ، اسکول انتظامیہ سے بات چیت

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بنجارہ ہلز ڈی اے وی اسکول کے متعلق جاری بات چیت مسئلہ کا حل تلاش کرنے میں مثبت ثابت ہورہی ہے ۔ اولیائے طلبہ ، اسکول انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے درمیان ہوئی بات چیت کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ امکان ہے کہ اندرون ایک ہفتہ اسکول کو بحال کردیا جائے گا چونکہ کمشنر تعلیم نے والدین کو اس بات تیقن دیا کہ وہ ان کی درخواست کو حکومت سے رجوع کریں گے اور اسکول کی مسلمہ حیثیت کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ڈی اے وی اسکول کی شناخت کو ختم کرنے کے خلاف بچوں کے والدین میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ بچوں کے والدین نے درمیانی سال بچوں کی دوسرے اسکولس میں داخلہ پر سوال اٹھایا تھا اور بچوں کے مستقبل کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے درخواست کی کہ وہ اسکول کی حیثیت کو بحال کرتے ہوئے بچوں کی اسی اسکول میں تعلیم کو جاری رکھنے کے انتظامات کریں ۔ تاہم حکومت اپنے فیصلے پر اٹل ہے اور والدین کو حکومت نے صاف طور پر کہے دیا تھا کہ وہ کسی بھی حال اسکول کی مسلمہ حیثیت کو بحال نہیں کریں گے اور بچوں کی تعلیم کو جاری رکھنے کے موثر اقدامات کرنے کی حکومت نے ڈی ای او کو ہدایت دی تھی اور اسکول انتظامیہ کو بچوں کی فیس واپس لوٹانے کا حکم دیا تھا تاہم اسکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین حکومت کے اس فیصلے سے خوش نہیں ہیں اور بچوں کی تعلیم متاثر ہونے اور مستقبل پر اس کے مضر اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست کررہے تھے ۔ آج اس سلسلہ میں کمشنر تعلیم دیوانیا کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں اولیائے طلبہ اور اسکول انتظامیہ نے شرکت کی تھی ۔ ذرائع کے مطابق بچوں کے والدین کی درخواست پر کمشنر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور درخواست کو حکومت سے رجوع کرتے ہوئے اسکول کی مسلمہ حیثیت کو بحال کرنے کے اقدامات کا تیقن دیا ۔۔ ع