حیدرآباد ۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ اور اس کے تحت بیاریجس کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی میعاد میں مزید دو ماہ کی توسیع کا امکان ہے۔ کمیشن نے تحقیقاتی عمل مکمل نہیں کیا ہے اور آئی اے ایس عہدیداروں کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے انجنیئرس کے بیانات ریکارڈ کرنا ابھی باقی ہے۔ کمیشن کی میعاد اکتوبر کے اختتام پر ختم ہوچکی ہے اور حکومت کے پاس میعاد میں توسیع کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت کمیشن کی میعاد میں دو ماہ کی توسیع کرسکتی ہے اور اس سلسلہ میں جلد احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ جسٹس پی سی گھوش کمیشن نے حالیہ دنوں میں اریگیشن ڈپارٹمنٹ کے چیف انجنیئرس کو طلب کرتے ہوئے ان سے مختلف سوالات کئے ۔ عہدیداروں نے کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کی تکمیل میں عہدیداروں سے زیادہ اس وقت کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور اس وقت کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کے رول کی وضاحت کی تھی۔ کمیشن کی نامکمل تحقیقات کے سبب حکومت 31 ڈسمبر تک کمیشن کی میعاد میں توسیع کرسکتی ہے۔ کمیشن نے تاحال 60 عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے بیانات ریکارڈ کئے ہیں۔ واضح رہے کہ تحقیقاتی کمیشن کی میعاد میں پہلی مرتبہ 31 اگست تک توسیع کی گئی تھی ۔ بعد میں مزید دو ماہ کی توسیع کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تحقیقات کی مہلت دی گئی ۔ اب جبکہ کمیشن کا کام ابھی باقی ہے ، توقع ہے کہ ڈسمبر تک مزید توسیع دی جائے گی۔ 1