کاماریڈی :سیلابی صورتحال اور امداد کی بحالی کے اقدامات

   

کاماریڈی۔ 5 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے مسلسل جاری شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں امدادی اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام مرمتی کام تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں۔ضلع کلکٹر نے لنگم پیٹ منڈل کے لنگم پلی ، کردو گاؤں کے قریب حالیہ بارش سے متاثر ہونے والے عارضی پل کا اچانک معائنہ کیا ۔بعد ازاں ضلع کلکٹر نے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجیش چندرا اور مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ تالابوں، ندی نالوں، سیلابی پانی اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو سیلفی لینے، تیراکی کرنے یا تیز بہاؤ والے پانی کو عبور کرنے جیسی خطرناک سرگرمیوں سے باز رکھیں۔جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک ضلع میں 171 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں 167 کو جزوی اور 4 کو مکمل نقصان پہنچا ہے، جبکہ 4 تالاب اور 32 سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ضلع کلکٹر نے نقصانات کا تخمینہ جلد مکمل کرنے، بحالی کے کاموں میں تیزی لانے اور تمام محکموں کو باہمی رابطے کے ساتھ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹرز، میونسپل کمشنر، محکمہ آر اینڈ بی، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔