کانگریس امیدوار بڑی ریالیوں کے ذریعہ پرچہ نامزدگی داخل کریں گے

   

لوک سبھا حلقوں میں اقدامات ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شرکت کو یقینی بنانے قائدین متحرک
حیدرآباد۔17اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ کے حلقہ جات لوک سبھا کے کانگریسی امیدوار اپنے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لئے بڑی ریالیوں کا اہتمام کریں گے اور ان میں بیشتر ریالیوں میں چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔کانگریس ذرائع کے مطابق کیڈر میں جوش پیدا کرنے کے لئے اور پارٹی کارکنوں و قائدین کو انتخابی مہم کے دوران متحرک رکھنے کے لئے پارٹی ہائی کمان کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لئے تمام امیدوار بڑی ریالیوں کا اہتمام کریں گے تاکہ عوام میں بھی جوش و خروش پیدا کیا جاسکے۔گذشتہ دنوں پارٹی جنرل سیکریٹری مسٹر کے سی وینو گوپال کے دورہ حیدرآباد کے دوران کئے گئے فیصلہ کے مطابق تمام امیدوارو ںکو شدت کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لئے زبردست ریالیوں کا اہتمام کریں بلکہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے ساتھ ہی شدت کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے کانگریس امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے جلوس میں شرکت کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدواروں کے جلوس میں مسٹر ریونت ریڈی کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔کانگریس امیدواروں کے لئے چلائی جانے والی انتخابی مہم میں قومی قائدین کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے سرکردہ قائدین کی شرکت کے سلسلہ میں بھی پارٹی کی جانب سے منصوبہ بندی کی جار ہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ عوام میں اعتمام پیدا کرنے کے لئے کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت کے مطابق کانگریس اپنے انتخابی منشور کو ہر گھر تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق میدک حلقہ اسمبلی سے کانگریس کے امیدوار نیلم مدھو کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے جلوس میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے شرکت کی توثیق کردی ہے جبکہ بھونگیر کے امیدوار مسٹر کرن کمار ریڈی نے بھی یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنے ایک لاکھ حامیوں کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لئے پہنچیں گے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ان کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لئے نکالے جانے والے جلوس میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مدعو کیا جا رہا ہے اور انہیں توقع ہے کہ چیف منسٹر اس جلوس میں شرکت کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی نے کریم نگر لوک سبھا ‘ سکندرآباد لوک سبھا کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔تلنگانہ کے 17 حلقہ جات لوک سبھا میں کسی بھی حلقہ میں اب تک بھی انتخابی جوش و خروش نہ دیکھے جانے پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے اور برسراقتدار جماعت نے اپنی طاقت کا مظاہر ہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔3