کانگریس حکومت آنے پر خواتین کو 15 ہزار روپے ملیں گے

   

دیوالی کے موقع پر چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل کا اعلان

رائے پور: چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر بھوپیش بگھیل نے دیوالی کے دن خواتین کیلئے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت برقرار رہی تو چھتیس گڑھ گریہ لکشمی یوجنا شروع کی جائے گی جس کے تحت خواتین کے کھاتوں میں ہر سال 15 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ اس سے قبل بی جے پی نے بھی اپنے منشور میں خواتین کو 12000 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔بگھیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کیا کہ چھتیس گڑھ گریہ لکشمی یوجنا، خواتین کے کھاتوں میں ہر سال 15 ہزار روپے۔ نہ فارم بھریں، نہ لائن میں لگیں۔ انہوں نے کہا کہ آج میری ماؤ بہنو! آج دیواری (دیوالی) کے موقع پر لکشمی دیوی چھتیس گڑھ کو بے پناہ نعمتوں سے نوازے۔ ہماری حکومت نے پانچ سال اس عزم کے ساتھ کام کیا ہے کہ چھتیس گڑھ امیر ہو اور ہم غریبی کی لعنت کو مٹا سکیں۔ آج دیوالی کے دن پر ہم اپنی ماؤں اور بہنوں کو مزید خوشحال اور قابل دیکھنا چاہتے ہیں۔ لہذا آج اس موقع پر وہ اعلان کر تے ہیںکہ آپ کانگریس کو ووٹ دیں، چھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومت بنائیں، ہم چھتیس گڑھ گریہ لکشمی یوجنا شروع کریں گے جس کے تحت ہر خاتون کو 15000 روپے سالانہ دیں گے۔حکومت آپ کا خود سروے کرے گی اور سب کچھ آن لائن ہوگا اور پیسہ براہ راست آپ کے اکاؤنٹ میں آئے گا۔چھتیس گڑھ میں وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کے اس اعلان کو بی جے پی کی ‘مہتاری وندن یوجنا’ کا جواب سمجھا جا رہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت بی جے پی نے وعدہ کیا ہے کہ اگر چھتیس گڑھ میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو شادی شدہ خواتین کے کھاتوں میں سالانہ 12000 روپے جمع کیے جائیں گے۔