حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی و انڈسٹری ڈی سریدھر بابو نے کل بی آر ایس قائدین پر الزام عائد کیاکہ وہ ’بلیک میل‘ سیاست کررہے ہیں اور ریاستی حکومت کے ترقیاتی اقدامات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں بالخصوص مجوزہ ’بھارت فیوچر سٹی‘ پراجکٹ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سی ایل پی میڈیا ہال، حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو تعمیری تنقید کرنی چاہئے نہ کہ تخریبی سیاست جس سے ریاست کی ترقی میں رکاوٹ ہوتی ہے۔ وزیر موصوف نے الزام عائد کیاکہ سینئر بی آر ایس قائدین بشمول ٹی ہریش راؤ اور کے ٹی راما راؤ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کو قبول نہیں کرپارہے ہیں اور سستی سیاست، توجہ ہٹانے کی سیاست اور بلیک میل سیاست کررہے ہیں۔ ہریش راؤ کے دورہ امریکہ کے دوران حالیہ ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے سریدھر بابو نے کہاکہ بی آر ایس قائد اقتدار حاصل کرنے کا دن کا خواب دیکھ رہے ہیں اور پارٹی کو پھر اقتدار حاصل ہو تو ’بھارت فیوچر سٹی‘ پراجکٹ کو منسوخ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ وزیر آئی ٹی نے بی آر ایس پر الزام عائد کیاکہ اس نے پہلے موسیٰ ندی پراجکٹ کو روکنے کی کوشش کی اور اب فیوچر سٹی اقدام کے خلاف سازش کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت عوام کی اُمنگوں کے مطابق اقدامات کررہی ہے اور ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کرے گی۔V/A