کانگریس سے اتحاد کی باتیں قبل ازوقت : عاپ

,

   

نئی دہلی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عاپ) کے سینئر لیڈر گوپال رائے نے کہا ہے کہ ابھی کچھ کہنا مشکل ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس سے اتحاد ہوگا یا نہیں لیکن انھوں نے اِن عزائم کا بھی اظہار کیا ہے کہ ان کی جماعت تنہا دہلی میں بی جے پی کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گوپال رائے جوکہ عام آدمی پارٹی کے دہلی یونٹ کے صدر بھی ہیں، انھوں نے مزید کہاکہ پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے 7 نشستوں پر اپنی تیاریاں تیز کردی ہیں اور او بی سی کے لئے 4 آرگنائزیشن بھی تیار کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں دیہی علاقوں میں عوام تک پہونچنے کے لئے ویلفیر اسوسی ایشن اور ڈاکٹروں سے بھی روابط مستحکم کرلئے گئے ہیں۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اِن کی جماعت کانگریس کے ساتھ اتحاد کرے گی یا نہیں کرے گی کیوں کہ آنے والے حالات کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ عاپ دہلی میں تنہا بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے جبکہ کانگریس یہاں مقابلے میں بہت پیچھے ہے۔ کانگریس کی جانب سے دہلی کے لئے نومنتخب صدر اور سابق چیف منسٹر شیلا ڈکشٹ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ 15 سال حکومت کرنے کے بعد عوام نے انھیں پہلے ہی خیرباد کہہ دیا ہے نیز دوبارہ انھیں ذمہ داری دیئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس کے پاس کوئی متبادل نہیں ہے۔ یاد رہے دہلی میں اِس وقت کانگریس اور عاپ ایک دوسرے پر شدید تنقید کررہے ہیں۔ رائے نے مزید کہاکہ دہلی میں حالیہ جو تبدیلی ہوئی ہے اِس نے یہ واضح کردیا ہے کہ ہندوستان کے دارالحکومت میں کانگریس اپنی اہمیت کھوچکی ہے۔ گوپال رائے نے کہاکہ اتحاد کے مسئلہ پر عاپ کی سیاسی اُمور کمیٹی فیصلہ کرے گی۔