کانگریس لیڈر جگا ریڈی نے انیل کمار کو گولڈ چین حوالے کردی

   

کانگریس قائد کی دریا دلی سے ہر کوئی متاثر
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر جگا ریڈی کو آشیرواد دینا اس وقت مہنگا پڑا جب رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے ان سے کسی قیمتی شئے کی گزارش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجیہ سبھا کیلئے انتخاب کے بعد جگا ریڈی سے پہلی ملاقات میں انیل کمار یادو نے آشیرواد حاصل کیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی جو اپنی دریا دلی کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ انیل کمار کو دعائیں دی جس پر انیل کمار نے ان سے کسی قیمتی شئے کا مطالبہ کردیا ۔ یہ سنتے ہی جگا ریڈی نے اپنے گلے سے گولڈ چین اتار کر انیل کمار کے حوالے کردی ۔ ایسے وقت جبکہ سونے کی قیمت فی تولہ 70 ہزار روپئے سے زائد ہے ۔ جگا ریڈی نے آشیرواد کے ساتھ قیمتی گولڈ چین حوالے کرنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کی ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خود جگا ریڈی کی ستائش کرتے ہوئے کہا تھا کہ غریبوں کی مدد کیلئے جگا ریڈی ہمیشہ قرض میں مبتلا رہتے ہیں۔ ان کے مکان سے کوئی بھی ضرورتمند خالی ہاتھ نہیں جاتا۔ رکن اسمبلی کی حیثیت سے جگا ریڈی نے سنگا ریڈی کے کئی ضرورتمندوں کی غیر معمولی مدد کی تھی ۔ 1