انتخابی وعدہ فراموش، آئندہ حکومت بی آر ایس کی ہوگی
حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ 2023 اسمبلی انتخابات کے مقابلہ پارٹی کے موقف میں بہتری آئی ہے اور تلنگانہ میں پارٹی مضبوط ہوئی ہے۔ تلنگانہ بھون میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاست کی ترقی کے بارے میں گمراہ کن دعوے کررہے ہیں۔ گمراہ کن تیقنات پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام نے انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کمل ہاسن سے بھی بہتر اداکار موجود ہیں جو عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ 6 ضمانتوں، 420 تیقنات اور 13 ڈیکلریشن کو بھلا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کے ترقی کے نام پر غریبوں کو بے گھر کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے خود اعتراف کیا کہ ڈھائی برسوں میں 3.70 لاکھ کروڑ قرض حاصل کیا گیا۔ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی جن میں پی رگھو شامل ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس قائدین عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھا رہے ہیں اور انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی عوامی مقبولیت نہیں ہے اور وہ جب ایک پروگرام میں پہنچے تو اینکر انہیں پہچان نہیں سکا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت بی آر ایس کی ہوگی اور فلاحی اسکیمات کا احیاء عمل میں آئے گا۔ اسی دوران حضور نگر اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر سابق وزیر جگدیش ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ 1؍F