بی جے پی سیاسی سازش کررہی ہے ، سنگاریڈی میں نرملا جگا ریڈی کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی ۔19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی جی آئی آئی سی کی چیئرپرسن نرملا جگا ریڈی نے سنگاریڈی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ خواتین بل کے معاملے پر بی جے پی کانگریس کے خلاف غلط پروپیگنڈا کر رہی ہے، جس کی وہ سخت مذمت کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ بی جے پی دانستہ طور پر خواتین بل کو حد بندی کے ساتھ جوڑ کر پیش کر رہی ہے، جس کے پیچھے ایک سیاسی سازش کارفرما ہے۔ ان کے مطابق کانگریس پارٹی شروع سے ہی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم رہی ہے اور ماضی میں بھی خواتین بل کی منظوری میں اہم کردار ادا کر چکی ہے نرملا جگّا ریڈی نے مطالبہ کیا کہ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں خواتین بل کو علیحدہ طور پر پیش کیا جائے، اور یقین دلایا کہ اگر ایسا کیا گیا تو کانگریس اس کی بھرپور حمایت کرے گی انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے خواتین کو اعلیٰ ترین قیادت تک نہیں پہنچایا، جبکہ کانگریس میں اندرا گاندھی جیسی خاتون وزیر اعظم رہ چکی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی خواتین بل اور حد بندی کو صرف اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی لیمیٹیشن کے ذریعے جنوبی ریاستوں کی سیاسی اہمیت کم کرکے شمالی ریاستوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور ساتھ ہی کانگریس پر خواتین بل کی مخالفت کا بے بنیاد الزام لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر خواتین بل کو علیحدہ طور پر پیش نہیں کیا گیا تو خواتین کے حقوق کے لیے تحریک چلائی جائے گی۔اس پریس کانفرنس میں مختلف مقامی عوامی نمائندے اور کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر بھی موجود تھے۔