کانگریس کا آج تکوگوڑہ میں جلسہ عام، 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع

   

راہول ، پرینکا اور کھرگے کی شرکت، 60 ایکر اراضی پر وسیع انتظامات ، پانچ ضمانتوں کا اعلان

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) لوک سبھا چناؤ کے لئے کانگریس کی انتخابی مہم کا کل 6 اپریل کو حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ تکو گوڑہ سے آغاز ہوگا۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی موجودگی میں ملک کیلئے پانچ ضمانتوں کا اعلان کیا جائے گا اور تلنگانہ کا ضمنی انتخابی منشور بھی جاری ہوگا۔ جلسہ عام میں 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاستی وزراء کے ہمراہ تکو گوڑہ میں راجیو پرانگنم کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ ریاست کے تمام اضلاع سے ہزاروںکی تعداد میں پارٹی کارکنوں کی شرکت کو قطعیت دی گئی ہے۔ جلسہ عام کا شام 5.00 بجے آغازہوگا جسے تلنگانہ جنا جاترا سے موسوم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کا انتخابی منشور سونیا گاندھی نے 17 ستمبر کو اسی مقام سے جاری کیا تھا جس کے بعد کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا۔ تکو گوڑہ کے اس میدان سے کانگریس کی جذباتی وابستگی ہے ، لہذا انتخابی مہم تکو گوڑہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار کے 100 دنوں میں پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے جن میں آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر ، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج ، 500 روپئے میں گیس سلینڈر ، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور اندراماں انڈلو جیسی اسکیمات شامل ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاستی وزراء اور قائدین کے ہمراہ مسلسل دو دنوں تک جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ جلسہ عام کے لئے 60 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے جبکہ اطراف میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے 300 ایکر اراضی مختص کی گئی ۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ تکو گوڑہ جلسہ عام ملک میں کانگریس کے اقتدار کی واپسی کا آغاز رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جون میں لال قلعہ پر کانگریس کا پرچم لہرائے گا اور 9 جون کو رام لیلا میدان میں حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس انتخابی منشور کی تلگو کاپی جلسہ عام میں جاری کی جائے گی ۔ جلسہ عام کی کامیابی کیلئے تمام ریاستی وزراء اور لوک سبھا کے پارٹی امیدوار سرگرم ہوچکے ہیں۔ 1