کانگریس قائدین بھی پارٹی کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں ، کارکنوں کے نام ریونت ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے طلوع آفتاب سے پہلے ترنگا لے کر تلنگانہ میں داخل ہونے والے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا ہزاروں کی تعداد میں پہونچ کر خیر مقدم کرنے والے کانگریس کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کھلا مکتوب جاری کیا ۔ ریونت ریڈی نے مکتوب میں بتایا کہ منوگوڑ کا صرف ایک ضمنی انتخاب نہیں ہے وہ پارٹی کے ارکان خاندان اور کارکنوں کے ساتھ کچھ شیئر کرنا چاہتے ہیں ۔ کانگریس کے خلاف بہت بڑی سازش کی جارہی ہے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے سے خفیہ ساز باز کرتے ہوئے کانگریس کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی پر کام کررہی ہیں ۔ کانگریس کارکنوں کو ذہنی طور پر الجھا دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اقتدار اور دولت کے بل بوتے پر کانگریس کے وجود کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کانگریس کی بھیک سے ترقی کرنے والے قائدین کانگریس کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں ۔ سونیا گاندھی کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل نہیں دیا جاتا تو کوڑی کی قیمت نہ رکھنے والے قائدین کانگریس کو آنکھیں دکھا رہے ہیں ۔ بی جے پی جہاں الیکشن کمیشن اور سی آر پی ایف کا بیجا استعمال کررہی ہے وہیں ٹی آر ایس اپنے اقتدار کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔ کبھی انتخابی نشانات تبدیل کئے جارہے ہیں تو کبھی پولیس کی طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ دونوں جماعتیں بڑے پیمانے پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کررہے ہیں ۔ یہاں تک یادادری مندر کا بھی سیاسی اغراض و مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی کے کارکنوں کی جانب سے کانگریس کی امیدوار پالوائے شراونتی پر حملہ کیا گیا ہے ۔ خاتون ہونے کا بھی احترام نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے تمام سازشوں کے باوجود کانگریس کارکنوں کو کانگریس کے ساتھ کھڑے رہنے اور پارٹی امیدوار کو کامیاب بنانے کے لیے انتھک جدوجہد کرنے کی اپیل کی ۔۔ ن